مقبوضہ کشمیر : مسلم کانفرنس کا مشاق احمد وانی کو وفات کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت

ہفتہ 18 اگست 2018 17:09

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم کانفرنس نے تنظیم کے بانی رہنما ایڈووکیٹ مشتاق احمد وانی کی وفات کو اکیسویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم کانفرنس کا تعزیتی اجلاس چیئر مین شبیر احمد ڈار کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوا جس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے تحریک آزادی کے حوالے سے انکی خدمات کو سراہا گیا۔

اجلاس میں محمد سلطان ماگرے کے علاوہ ایڈوکیٹ عبدالحمید بٹ، محمد رمضان، معراج الدین ،محمد شمیم، فاروق احمد اوردیگر اورکارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شبیر احمد ڈار نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ مشتاق احمد وانی بچپن سے ہی حریت پسند تھے اور جوانی میں یہ جذبہ حریت اتنا مظبوط ہو چکا تھا کہ بھارتی غاصبوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر نعرہ حق بلند کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک معروف وکیل ہی نہیں بلکہ سماجی اور سیاسی قائد بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد وانی نے تحریک آزادی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میںاہم کردار ادا کیا اور اس مقصد کے حصول کیلئے انہیں اپنا گھر بار چھوڑ کر آزاد کشمیر ہجرت کرنا پڑی ۔شبیر احمد ڈار نے کہا کہ مشتاق احمد وانی مسلم کانفرنس کے بانی رہنمائوں میں تھے اور تنظیم کا ہر رہنما اور و کارکن اپنے اس نڈر اور بیباک رہنما کی زندگی کو اپنے لئے مشعل راہ سمجھتا ہے۔ شبیر احمد ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے تنازعہ کشمیر اب تک لٹکا ہوا ہے لہذا یہ اسکی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری نسل کشی کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔