Live Updates

بھارتی ٹیم پاکستان کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہے :معین خان

گرین شرٹس سے خائف روایتی حریف کا شیڈول پر اعتراض درست نہیں،سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 اگست 2018 16:58

بھارتی ٹیم پاکستان کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہے :معین خان
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اگست 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز معین خان کا کہنا ہے کہ ایشیاءکپ میں بھارتی بہانے بازی کا سبب محض یہ ہے کہ وہ پاکستان کا سامنا نہیں کرنا چاہتا اور گرین شرٹس سے خائف نظر آتا ہے۔گزشتہ روز ایک گفتگو میں معین خان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ایسا نہیں ہوا کہ کسی ٹیم کو متواتر دو روز میدان میں اترنا پڑا ہو لیکن بھارتی ٹیم خوف میں مبتلا ہے جو پاکستان کیخلاف کھیلنا ہی نہیں چاہتی اور آرام کے تقاضے کر رہی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا کرکٹ میں بہت زیادہ عمل دخل ہے اور وہ سیاست کو بھی اس میں ملوث کر دیتی ہے جس کے سبب اسے نامساعد حالات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ معین خان کا ایک سوال پر کہنا تھا کہ انہیں ایشیاءکپ میں پاکستان کا بھارت کے خلاف پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

معین خان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ عمران خان کے بطور وزیر اعظم ملک کا اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان کرکٹ کو ترقی ملے گی اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بھی واپسی ہو جائے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی کرکٹ کے تعلقات میں حالیہ برسوں کے مقابلے میں بہتری آئے گی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں آج کے دور کے کرکٹرز پر افسوس ہوتا ہے کہ اتنے اچھے مواقع ہونے کے باوجود وہ سپاٹ یا میچ فکسنگ جیسے معاملات میں پڑ کر اپنے انٹر نیشنل کیریئر کو داغدار کر لیتے ہیں حالانکہ وہ تمنا کرتے ہیں کہ انہیں اس دور میں کرکٹ کھیلنے کا موقع میسر آتا۔ یاد رہے کہ ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15ستمبر سے 28ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں 19ستمبر کو روایتی حریف بھارت اور پاکستان آمنے سامنے آئیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات