Live Updates

عمران خان کے وزیر اعظم بننے کی خوشی میں این اے 127میں جشن ،مٹھائیاںتقسیم کی گئیں،کارکنوں کے بھنگڑے

سابقہ حکمرانوں نے صرف قومی خزانے پر ہاتھ صاف نہیں کیا ملک کو اربوں ڈالر کا مقروض بھی کر دیا ‘ جمشید اقبال چیمہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے پر پورا ملک خوشی سے نہال ،عوام کا خون چوسنے والے اشرافیہ کے گھروں پر صف ماتم بچھی ہے ‘ مسرت چیمہ

ہفتہ 18 اگست 2018 17:39

عمران خان کے وزیر اعظم بننے کی خوشی میں این اے 127میں جشن ،مٹھائیاںتقسیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وزیر اعظم بننے کی خوشی میں حلقہ این اے 127میں بھرپور جشن منایا گیا ،اس موقع پر مٹھائیاںتقسیم کی گئیںجبکہ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے عمران خان کے وزیر اعظم بننے کی خوشی میں حلقہ این اے 127کے مرکزی دفتر میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں پارٹی کے دیگر رہنمائوں اور مرد وخواتین کارکنوںسمیت حلقے کے عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

پارٹی کارکنوں نے وزیر اعظم عمران خان ،آئی آئی پی ٹی آئی ، اب راج کرے گی خلق خدا کے نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ماضی میں عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آنے والے حکمرانوں نے صرف عوام کا استحصال کیا لیکن پی ٹی آئی اس روایت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کر دے گی ۔ عمران خان نے اپنی لازوال جدوجہد سے سٹیٹس کو کی حامی قوتوں کو عبرتناک شکست دی ہے اور اب عوام انہیں دوبارہ کبھی سر نہیں اٹھانے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دے گی اور اس سے ہونے والی اربوں روپے کی بچت پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان کے اقتدار میں آنے کیوجہ سے ملک و قوم کی دولت لوٹنے والے شدید پریشان ہیں ۔ سابقہ حکمرانوں نے صرف قومی خزانے پر ہاتھ صاف نہیں کیا بلکہ ملک کو اربوں ڈالر کا مقروض بھی کر دیا ہے ۔

انہیں نہ صرف اس کا حساب دینا ہوگا بلکہ پائی پائی بھی واپس کرنا ہو گی ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے پر پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے لیکن عوام کا خون چوسنے والے مٹھی بھر اشرافیہ کے گھروں پر صف ماتم بچھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سب سے پہلے عوام کو صحت اور تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرے گی اور اس کے ساتھ انفراسٹر اکچر اور دیگر منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات