Live Updates

عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خوشی میں نیازی ایکسپریس کا شاندار اعلان

نیازی ایکسپریس مسافروں کو عید الاضحیٰ پر مفت سفری سہولیات فراہم کرے گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 17:40

عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خوشی میں نیازی ایکسپریس کا شاندار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : عمران خان نیازی نے آج صبح ایوان صدر میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اُٹھایا۔عمران خان کی اس حلف برداری کی تقریب کی خوشی میں ان کے آبائی حلقے میانوالی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئی جبکہ ملک بھر میں عمران خان کے چاہنے والوں نے بھی مٹھائیاں تقسیم کیں اور عمران خان کے وزیراعظم بننے کی خوشی منائی۔

اسی خوشی کے پیش نظر معروف ٹرانسپورٹ سروس نیازی ایکسپریس نے مسافروں کے لیے شاندار اعلان کر دیا ہے۔ نیازی ایکسپریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اعلان کیا کہ عمران خان نیازی کے وزیر اعظم منتخب ہونے کی خوشی میں نیازی ایکسپریس میانوالی کی عوام کے لیے میانوالی سے لاہور کے لیے عیدالاضحٰی تک فری سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس پوسٹ میں بتایا گیا کہ مسافروں کو یہ سہولت نیازی ایکسپریس کے چئیرمین اعظم خان نیازی کے کہنے پر دی جا رہی ہے۔

یہ پیشکش 21 اگست کو عید الاضحیٰ کے موقع پر میانوالی سے لاہور سفر کرنے والوں کے لیے ہو گی۔

قبل ازیں آج صبح عمران خان کی حلف برداری کی خوشی میں راولپنڈی کے ایک ریڑھی بان نے مفت ناشتہ تقسیم کیا۔

راولپنڈی کے راجا بازار میں ریڑھی بان نے ناشتہ کرنے آئے گاہکوں سے کوئی رقم وصول نہیں کی۔ ریڑھی بان کا کہنا ہے کہ مجھے عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کی بے حد خوشی تھی ، عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے اور حلف لینے کی خوشی میں آج میں نے تمام گاہکوں کو مفت ناشتہ کروایا اور کسی سے پیسے وصول نہیں کیے۔



Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات