Live Updates

مقبوضہ کشمیر ،میرواعظ اور دیگر کی عمران خان کو مبارکباد

امید ہے نومنتخب وزیر اعظم مسئلہ کشمیرکو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے

ہفتہ 18 اگست 2018 18:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے عمران خان کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان قائد اعظم محمد علی جناح کے سیاسی اور معاشی لحاظ سے مستحکم اور عظیم پاکستان کے خواب کی تعبیر کو عملی شکل دیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے اپنے تہنیتی پیغام میں امید ظاہر کی کہ عمران خان پاکستان کو عالم اسلام کا ترجمان اور سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے ایک مستحکم ملک بنانے میں اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی ہے اور مسئلہ کشمیر کے ایک وکیل اور کشمیریوں کے محسن کی حیثیت سے ان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امیدظاہر کی کہ عمران خان اس دیرینہ تنازعے کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنی بھر پور کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان کی خوشحالی اور سیاسی استحکام کے متمنی رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی مثبت کوششوں کیلئے اس کے شکر گزارہیں۔ادھر فورم کے ترجمان نے پلوامہ کے علاقے حول میں بھارتی فوج کی جانب سے گھروں میں گھس کر مکینوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ایک 47 سالہ خاتون جانہ بیگم دہشت زدہ ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہوئی ہے۔

انہوں نے مرحومہ کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔دریں اثنا ء حریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش ، جاوید احمد میراور فریدہ بہن جی نے بھی عمران خان کوپاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔انہوںنے اپنے بیانات میںامید ظاہر کی کہ نومنتخب وزیر اعظم تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات