Live Updates

حریت رہنمائوں کی عمران خان کو مبارکباد

بھارت سے دفعہ 35۔اے کو منسوخ کرنے کی کوششیں بند کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 18 اگست 2018 18:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق اور دیگر آزادی پسند رہنمائوں نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پاکستان کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ سیاسی اور معاشی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم پاکستان کے قائد اعظم محمد علی جناح کے خواب کو عملی شکل دیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان کا جو نعرہ بلند کیا ہے وہ ان کے اس پختہ عزم کوظاہر کرتا ہے اور وہ پاکستان کو عالم اسلام کا ترجمان بنانے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی ہے اور مسئلہ کشمیر کو اجا گر کرنے کے لیے ہمیشہ ایک وکیل کی حیثیت سے ان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے امید ظاہر کی کہ عمران خان تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اپنی بھر پور کاوشیں کریں گے۔ حریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش، جاوید احمد میر اورفریدہ بہن جی نے اپنے بیانات میں عمران خان کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی، جو حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد میں بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کا شکارہیں، خواہشات کے مطابق اور پائیدار بنیادوں پر حل کرانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے۔

دریں اثنا ’’ فورم فار پیس اینڈ ٹریٹوریل انٹیگریٹی آف جموںوکشمیر ‘‘ کے بینر تلے جمع مختلف تنظیموں کے رہنمائوں نے جموں میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ آئین کی دفعہ 35۔ اے کو منسوخ کرنے کی کوششیں بند کرے۔ مقررین میں شیخ عبدالرحمان، میر شاہد سلیم، آئی ڈی کھجوریا، جمیل کاظمی اور نریندر کھجوریا شامل تھے۔

بھارتی سپریم کورٹ دفعہ35۔اے کی منسوخی کے حوالے سے دائر عرضداشت کی سماعت رواں ماہ کی 27 تاریخ کو کرے گی۔دفعہ35۔اے جموں وکشمیر کے مستقل باشندوں کوخصوصی حقوق و مراعات فراہم کرتی ہے۔ تحریک حریت جموںوکشمیر اور سالویشن موومنٹ نے اپنے بیانات میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی عید الاضحی سے قبل رہائی کا مطالبہ کیا۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے گزشتہ رات ضلع کولگام کے علاقے بھان میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران تین نوجوانوں کو گرفتارکرلیا اور املاک کی توڑ پھوڑ کی۔

تحریک حریت نے ایک بیان میں فوجیوں کی وحشیانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔پیلٹ بندوق سے متاثرہ افراد نے اپنی حالت زار پر قابض انتظامیہ کی عدم توجہی کیخلاف آج پریس انکلیو سرینگر میں ایک پر امن دھرنا دیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات