Live Updates

وزیراعظم نے20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی

وزیراعظم عمران خان نیازی کی وفاقی کابینہ میں 15وزراء اور5 مشیر شامل ہوں گے،وفاقی کابینہ پیر کواپنی وزارتوں کا حلف اٹھائے گی۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 18 اگست 2018 18:16

وزیراعظم نے20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اگست 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی ہے،وفاقی کابینہ میں 15وفاقی وزراء اور5 مشیر شامل ہوں گے۔ ترجمان تحریک انصاف اور وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کے لیے نامزد فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے ارکان پیر کی صبح اپنے عہدوں اور وزارتوں کا حلف اٹھائیں گے۔20 رکنی وفاقی کابینہ میں وزارت خارجہ کا قلمدان شاہ محمود قریشی، انسانی حقوق کی وزارت کا قلمدان شیریں مزاری کوسونپا گیا ہے۔ جبکہ غلام سرور خان وزیر پٹرولیم، نورالحق قادری مذہبی امور، فروغ نسیم قانون و انصاف کے وزیر ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح دفاعی پیداوار کیلئے زبیدہ جلال ، اطلاعات ونشریات کیلئے، وزارت ریلوے کا قلمدان شیخ رشید کوسونپ دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے وزارت دفاع پرویز خٹک سونپی ہے جبکہ طارق بشیر چیمہ ریاستی اور سرحدی امور،اسد عمروفاقی وزیرخزانہ ہوں گے۔اسی طرح شفقت محمودفیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ،خالد مقبول صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ،فہمیدہ مرزا وزیربین الصوبائی رابطہ اور عامر محمود کیانی وزیرصحت ہوں گے۔اسی طرح وفاقی کابینہ میں 5مشیر بھی نامزد کردیے گئے ہیں۔

ان میں ظہیرالدین بابراعوان مشیر پارلیمانی امور، امین اسلم مشیر ماحولیات،ڈاکٹر عشرت حسین کومشیر اصلاحات،عبدالرزاق داؤد کومشیر برائے اقتصادیات اورمحمد شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ کونامزد مقرر کیا گیا ہے۔واضح رہے چیئرمین پی ٹی آئی اور وزیراعظم عمران خان نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ایوان صدر میں وزیراعظم عمران خان سے صدرمملکت ممنون حسین نے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،پارلیمانی رہنما، ملکی و غیر ملکی مہمان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوست شریک تھے۔ تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک تھے۔ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی تیسری اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات