Live Updates

نئے پاکستان کیلئے ٹیکس کا نیااور منصفانہ نظام ضروری ہے‘ٹیکس بار

متوازن نظام دولت کی منصفانہ تقسیم، امیر اور غریب کے فرق کو کم کرے گا‘سید توقیر بخاری

ہفتہ 18 اگست 2018 19:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر سید توقیر بخاری نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کیلئے ٹیکس کا نیا اور عادلانہ نظام ضروری ہے جو دولت کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا کر امیر اور غریب کے مابین بڑھتے ہوئے فرق کو کم کرے، عوام کو معاشی انصاف فراہم کرنے کی کوششوں میں نئی حکومت سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گااور اس سلسلہ میں قابل عمل سفارشات پیش کی جائیں گی، عوام اور کاروباری برادری کو پی ٹی آئی کے اکنامک مینیجرز سے بڑی توقعات وابستہ ہیںاور انہیں انصاف ریلیف اور حسنِ حکمرانی کی امید ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر سید توقیر بخاری نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکس کے ناکام نظام کو بدلنے یا موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ ٹیکس سسٹم غیرمتوازن اور زمینی حقائق سے متصادم ہے جسکی وجہ سے غربت مسلسل بڑھ رہی ہے جو ملکی سلامتی کا مسئلہ بن سکتاہے۔

(جاری ہے)

ملکی نظام چلانے کے لئے بالواسطہ ٹیکسوں پر انحصارتقریباًنوے فیصد تک پہنچ گیا ہے جسکی وجہ سے عوام غربت کی دلدل میں دھنس رہی ہے اوردیگر سنگین معاشرتی بھی مسائل جنم لے رہے ہیں۔

ٹیکس کے نظام کا فوکس اشرافیہ کے وسائل میں مسلسل اضافے کے بجائے براہ راست ٹیکسوں کے زریعے عوام کی فلاح اور دولت کی منصفانہ تقسیم ہونی چائیے تاکہ تمام وسائل ایک چھوٹی سے اقلیت کی طرف منتقل ہونے کا سلسلہ بند کیا جا سکے اور عوام کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کی بہتری کیلئے مقامی ماہرین پر انحصار کیا جائے کیونکہ غیر ملکی ماہرین جنھیں ملکی حالات کا ادراک نہیں ہوتا کی سفارشات پر عمل درامد کرنے سے نظام کو مزید پیچیدہ بنانے کے علاوہ کوئی نتیجہ حاصل نہیں کیا جا سکا ہے۔

سید توقیر بخاری نے امید ظاہر کی نئی حکومت ٹیکس گزار اور ٹیکس حکام کے مابین بد اعتمادی کی فضاء ختم کر دے گی جس کے نتیجہ میں ٹیکس نیٹ پھیلے گااور ملک عدم مساوات کی عالمی درجہ بندی میں 152 ممالک میں 139 ویں نمبر سے اوپر جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بے رحمانہ احتساب کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ماضی کی بہت سی حکومتوں کی طرح اقدامات سے زیادہ دعوے اور حقائق سے زیادہ مفروضے قائم نہیں کرے گی اور تمام شعبوں پر منصفانہ ٹیکس عائد کرے گی تاکہ ملکی ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات