حریت قائدین کو ای ڈی کا نوٹس اوچھے ہتھکنڈے ہیں ، میرواعظ

35A کے خلاف منفی فیصلہ آیا تو ہمہ گیر احتجاج تحریک چھیر دی جائے ، خطاب

ہفتہ 18 اگست 2018 20:15

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے سرکردہ مزاحمتی قائدین سید علی گیلانی اور محمد یاسین ملک کو نوٹس بھیجے جانے اور پرانے فرضی کیسوں کو پھر سے زندہ کر کے ان کیسوں کے بل پر قیادت کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو یہاں کے مزاحمتی قائدین اور عوام کو مرعوب کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ہتکھنڈوں کا مقصد مزاحمتی قائدین کو خوفزدہ اور مرعوب کرنا ہے تاہم اس طرح کے حربوں سے ہم نہ ماضی میں مرعوب ہوئے ہیں اور نہ اب کے ان ہتھکنڈوں کو بروئے کار لا کر ہم کو ڈرایا دھمکایا جا سکتا ہے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ پہلے گزشتہ سال بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی جانب سے متعدد حریت پسند قائدین اور کارکنوں کو فرضی کیسوں میں پھنسا کر گرفتار کر کے مقید کر دیا گیا اور اب ای ڈی کے ذریعے یہاں کی مزاحمتی قیادت کو بار بار نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے میرواعظ نے کشمیر کے متعدد علاقوں خاص کر جنوبی کشمیر میں لوگوں کو زدکوب کرنے ، گھروں میں توڑ پھوڑ اور لوگوں کے ساتھ تحریک پسند قیادت کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں کے سلسلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف حیلے بہانوں سے حریت پسند عوام کو طاقت کے ذریعہ دبانے کا عمل جاری ہے تاہم میرواعظ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ہماری جدوجہد کا منتہی ، مقصد رواں تحریک کو منطقی انجام تک لے جانا ہے اور ہم ہر صورت میں تحریک آزادی کو انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے ۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے 26 اور 27 اگست کی ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کو ہر سطح پر کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان ایام میں تمام کاروباری اور ہر طرح کی سرگرمیاں بند رہیں گی اور جموں و کشمیر کے تمام حصوں میں مکمل احتجاجی ہڑتال رہے گی اور اگر 27 اگست کو بھارت کی سپریم کورٹ کی جانب سے 35A کے حوالے سے ایسا کوئی فیصلہ آتا ہے جو کشمیری عوام کے مفادات کے منافی ہو تو اسی دن سے ہمہ گیر احتجاجی تحریک چھیڑ دی جائے گی اور عوام کے تمام طبقوں کو چاہئے کہ وہ ذہنی اور فکری طور پر ہر طرح کے احتجاج کے لئے تیار رہیں ۔ ۔