جموں وکشمیر کو دوسرا فسلطین نہیں بننے دیں گے ، یاسین ملک

ہفتہ 18 اگست 2018 20:15

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین منلک نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے مکین اپنی سرزمین کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دیں گے جہاں اسرائیلی قابضوں نے اصلی باشندوں کو نکال کر باہر کر کے غلام بنا دیا تھا ۔ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ سبجیکٹ قانون ہماری امتیازی شناخت اور حق خودارادیت کی ضمانت فراہم کرتا ہے اس لئے اس قانون کا تحفظ کرنا جموں کشمیر کے ہر باسی کا فریضہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے اسیروں کو ظالموں کے برعکس سیاسی موقف رکھنے کی پاداش میں بھارتی جیلوں اور جموں کشمیر کی جیلوں میں بدترین اذیتیں دی جا رہی ہیں جو دراصل جمہوریت کشی کے مترادف ہے ۔ فرنٹ چیئرمین نے موروثی اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کی مجوزہ منسوخی اور اس کے دفاع کو کشمیریوں کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنی سرزمین کی خصوصیت اور امتیازی حیثیت کے دفاع کے لئے اپنا لہو بہانے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

یاسین ملک نے کہا کہ اسٹیٹ سبجیکٹ قانون اور اس کا تحفظ کشمیریوں کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور اس قانون کی منسوخی یا اس میں کسی بھی قسم کی ترمیم کوئی بھی جموں و کشمیر باسی تھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تینوں خطوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اس قانون کی منسوخی یا اس میں بھی قسم کے رد و بدل کے خلاف یک آواز ہیں کیونکہ اس کی منسوخی یا اس میں کسی قسم کی ترمیم ہم سبھوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہو جائے گی ۔ ۔