Live Updates

عثمان بزدار ایک ایماندار شخص ہیں ،ْ ان کے ساتھ کھڑا ہوں ،ْ عمران خان

میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ان کے بارے میں معلومات حاصل کرتا رہا ،ْ ایماندار شخص پایا ،ْ بیان میرا مقدمے کیساتھ کوئی تعلق نہیں تھا ،ْ فریقین کا آپس میں جھگڑا تھا ،ْ قبیلے کا مسئلہ طے کروادیا تھا ،ْ نامزد وزیر اعلیٰ کا میڈیا رپورٹس پر رد عمل

ہفتہ 18 اگست 2018 20:15

عثمان بزدار ایک ایماندار شخص ہیں ،ْ ان کے ساتھ کھڑا ہوں ،ْ عمران خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ایک ایماندار شخص قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔وزیر اعظم کی حیثیت سے ٹوئٹر پراپنے پہلے بیان میں عمران خان نے کہا کہ وہ واضح کر نا چاہتے ہیںکہ وہ اپنی پارٹی کے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ان کے بارے میں معلومات حاصل کرتا رہا اور انہیں ایک ایماندار شخص پایا ۔وزیر اعظم نے کہاکہ عثمان بزدار ہمارے نئے پاکستان کے وژن اور نظریئے پر پورا اترتے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ عثمان بزدار پنجاب کے انتہائی پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جو ڈیرہ غازی خان ڈویژن کا ایک قبائلی علاقہ ہے یہ ایسا علاقہ ہے جہاں نہ تو بجلی ہے نہ پانی اور نہ ہی دو لاکھ کی آبادی کیلئے کوئی ڈاکٹر موجود ہے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب پسماندہ علاقے کے عوام کے مسائل کو سمجھتے ہیں اور وہ وزیر اعلیٰ کے طورپر اس علاقے کے لوگوں کو معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کام کرینگے ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب کو پہلی مرتبہ ایسے پسماندہ علاقے سے وزیر اعلیٰ مل رہا ہے جسے معلوم ہے کہ وہاں کیا کر نا ہے ،ْ میں ہر طرح سے عثمان بزدار کی حمایت کرتا ہوں ۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میڈیا میں آنے والی رپورٹس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف کیس ختم ہو چکا ہے اور عدالت نے مجھے بری کر دیا ہے۔ میرا اس کیس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا بلکہ فریقین کا آپس میں جھگڑا تھا اور ہم نے ان کی صلح کروائی تھی چونکہ یہ ہمارے قبیلے کا مسئلہ تھا اس لئے دیت کا معاملہ بھی ہم نے طے کروایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں کسی کو بھی نامزد کیا جا سکتا ہے، میرا اس مقدمے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا اور میں اپنے متعلق ہر بات کا جواب دینے کیلئے تیار ہوں۔اس سے قبل نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا تھاکہ 1998میں عثمان بزدار اور ان کے والد پر قتل کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج ہوا تھا تاہم عثمان بزدار اور ان کے والد نے 75 لاکھ روپے دیت ادا کرکے فریقین سے صلح کی تھی۔دریں اثناء نیب بھی عثمان بزدار کیخلاف بطور تحصیل ناظم جعلی بھرتیوں کی تحقیقات کر چکی ہے۔ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ جعلی بھرتیوں کا ثبوت نہ ملنے پر عثمان بزدار کے خلاف فائل بند کر دی تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات