کراچی کے پارکس اور کھیل کے میدانوں کی مکمل حفاظت کریں گے،میئر کراچی وسیم اختر

ہفتہ 18 اگست 2018 21:16

کراچی کے پارکس اور کھیل کے میدانوں کی مکمل حفاظت کریں گے،میئر کراچی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے پارکس اور کھیل کے میدان لوٹ کا مال نہیں ہیں کہ جو چاہے ان پر قبضہ کرلے اور تجاوزات قائم کرلے ان کی مکمل حفاظت کریں گے اور سپریم کورٹ کے احکامات کی تحت برنس گارڈن، اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ، ہل پارک، عزیز بھٹی پارک سمیت تمام پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ کرکے شہریوں کی تفریح و طبع اور کھیلوں کے لئے مخصوص کریں گے، یہ بات انہو ںنے ہفتے کے روز برنس گارڈن کے اچانک دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے برنس گارڈن کی تعمیر نو کے سلسلے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور شجر کاری مہم کے سلسلے میں جو پودے برنس گارڈن میں لگائے گئے ہیں ان کی مکمل طور پر نگہداشت اور پرورش کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ یہ ایک وسیع و عریض تاریخی پارک ہے اس پارک کو 1927 ء میں قائم کیا گیا تھا جہاں دوسری سہولتوں کے علاوہ خواتین کے لئے مخصوص پردہ باغ بھی تعمیر ہے، شہر کے وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے اس کی اہمیت دوسرے پارکوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے اور پارک کے چاروں اطراف دفاتر اور رہائشی آبادیاں ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ پارک میں تفریح و طبع کی غرض سے آنا چاہتے ہیں لیکن ایک طویل عرصے سے اس پارک کی دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے یہ پارک تباہ حالی کا شکار تھا جسے اب تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ شہریوں کیلئے اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں کھول دیا جائے گا، انہو ںنے کہا کہ پارک میں گل مہر، کوکونٹ، تھائی چمپا، مورنگا، سنبل، ڈبل چاندنی، نیم اور دیگر پودے لگائے گئے ہیں، پارک کے اندر پیدل چلنے کے لئے فٹ پاتھس تعمیر کی گئیں ہیں، گھاس کے بڑے بڑے قطعات بنائے گئے ہیں ، میئر کراچی نے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ شجر کاری مہم کے سلسلے میں جو پودے لگائے گئے ہیں ان کی روزانہ کی بنیاد پر دیکھ بھال کی جائے اور کسی بھی صورت پارک میں تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں، اس موقع پر میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ برنس گارڈن 17.2 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں 2.6 ایکڑ رقبے پر قومی عجائب گھر تعمیر ہے جبکہ برنس گارڈن کے شمالی حصے میں عجائب گھر کے ملازمین کے لئی25 مکانات تعمیر ہیں اور تین گیراج بنے ہوئے ہیں برنس گارڈن کی اہمیت کے پیش نظر حال ہی میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر پودے لگائے گئے ہیں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے جسے مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ پارکس کی خوبصورتی اور دلکشی کو برقرار رکھا جاسکے، میئر کراچی نے اس موقع پر بعض پودوں کو خود پانی دیا اور پودوں کی دیکھ بھال میں مالیوں کے ساتھ خود بھی عملی طور پر حصہ لیا�

(جاری ہے)