سید مراد علی شاہ نے سندھ کی29وزیر اعلی کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس کراچی کے وسیع و عریض سبزہ زار پر منعقد ہوئی،قائم مقام اسپیکر آغا سراج درانی نے اردو میں حلف لیا تقریب حلف برداری میں بلاول بھٹو زرداری،سید خورشیدشاہ،شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ، چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی شرکت حلف برداری کی تقریب کا وقت شام 5بجے مقرر کیا گیا تھا لیکن مہمانوں کی مسلسل آمد اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی گورنر ہائوس آمد میں تاخیر کے باعث تقریب کا باقاعدہ آغاز شام 6بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا

ہفتہ 18 اگست 2018 21:26

سید مراد علی شاہ نے سندھ کی29وزیر اعلی کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمااور نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کی29وزیر اعلی کی حیثیت سے ہفتہ کی شام اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی ایک بڑی تقریب گورنر ہائوس کراچی کے وسیع و عریض سبزہ زار پر منعقد ہوئی۔قائم مقام اسپیکر آغا سراج درانی نے وزیر اعلی سندھ سے اردو میں حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ان کی دونوں بہنیںبختاوراور آصفہ بھٹوزرداری، کور کمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل شاہد بیگ مرزا، ڈی جی رینجرزمحمدسعید، سابق نگراں وزیر اعلی سندھ فضل الرحمن، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدراور نومنتخب رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور،سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان ،قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، قمر الزماں کائرہ، نثار احمد کھوڑو، سینیٹراسلام الدین شیخ، میر منور تالپور،سبکدوش ہونے والی نگراں سندھ کابینہ کے متعدد ارکان، ممبران قو می وصوبائی اسمبلی ،اعلی سرکاری حکام، غیر ملکی سفارت کار، عمائدین شہر، تاجر و صنعت کار، بوہری برادری کے نمائندے اوراعلی سرکاری حکام کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سیکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب حلف برداری میں نومنتخب وزیر اعلی کے اہل خانہ کے علاوہ ان کے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔تقریب حلف برداری کی نظامت کے فرائض چیف سکرٹری سندھ نے انجام دیئے،حلف برداری کی تقریب کا وقت شام 5بجے مقرر کیا گیا تھا لیکن مہمانوں کی مسلسل آمد اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی گورنر ہائوس آمد میں تاخیر کے باعث تقریب کا باقاعدہ آغاز شام 6بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

تقریب میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت کے باعث نشستیں کم پڑ گئیں اور بہت سے لوگوں نے کھڑے رہ کر تقریب حلف برداری دیکھی۔سید مراد علی شاہ کی تقریب حلف برداری بہت زیادہ مہمانوں کی موجودگی کے باعث کسی سرکاری تقریب کے بجائے عوامی جلسے کا زیادہ تاثر دے رہی تھی۔ مراد علی شاہ کے حلف اٹھاتے ہی جیالوں نے زبردست نعرے بازی شروع کردی ،انہوں نے وزیر اعظم بلاول بھٹو، جئے بھٹو اورپی پی کی حمایت میں دوسرے نعرے لگائے۔

چیف سیکرٹری سندھ نے اپنی اور حکومت سندھ کی جانب سے مراد علی شاہ کو وزیر اعلی سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ حلف برداری کی تقریب ختم ہوتی ہی جیالوں نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گھیر لیا وہ ان سے مصافحہ کرنے اور تصاویر بنوانے کی کوشش شروع کردی۔اس موقع پر بلاول بھٹو کی سیکوریٹی پر مامور عملے نے ان کے گرد حفاظتی حصار بنانے کی بہت کوشش کی لیکن لوگوں کے اژدھام کے باعث وہ کامیاب نہ ہوسکے اس موقع پر بلاول بھٹو جیالوں کے درمیان گھل مل گئے۔

انہوں نے کارکنوں سے مصافحہ کیا، کئی لوگوں کو اپنے ساتھ سیلفی بنوانے کا موقع بھی دیا بعدازاں سکوریٹی کا عملہ انہیں قائم مقام گورنر کے دفتر میں لے گیا۔ نومنتخب وزیر اعلی کی تقریب حلف برداری کے لئے گورنر ہائوس کے سبزہ زار پر بغیر کسی شامیانے کے مہمانوں کے لئے نشستیں رکھی تھیں ،اکثر مہمان شام چار بجے ہی تقریب میں آنا شروع ہوگئے تھے کھلے آسمان تلے تیز دھوپ کے باعث لوگ پسینے میں شرابور ہوگئے۔تقریب میں سادگی اور کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے مہمانوں کی تواضع محض چائے بسکٹ سے کی گئی اور اس موقع پر روایتی طور پر کسی پرتکلف عصرانے کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔