ن لیگ اور پی پی میں اختلافات بڑھ گئے،اپوزیشن لیڈر شیری رحمن کو ہٹانے کیلئے راجہ ظفر الحق نے سینیٹ میں درخواست جمع کرادی

ہفتہ 18 اگست 2018 21:31

ن لیگ اور پی پی میں اختلافات بڑھ گئے،اپوزیشن لیڈر شیری رحمن کو ہٹانے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے انتخاب میں شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے پر ناخوش پاکستان مسلم لیگ ن سینٹ میں اکثریت کے باعث اپوزیشن لیڈر شیری رحمان کو ہٹانے کے لیے میدان میں اتر آئی , مسلم لیگ ن نے راجہ ظفرالحق کو سینٹ میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے درخواست جمع کرادی۔

وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر تقسیم کا شکار ہونے والی اپوزیشن سینٹ میں بھی عملا تقسیم ہوگئی۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے سینٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر کے منصب سے ہٹانے کے فیصلہ کرتے ہوئے اس پر فوری عملدرآمد بھی شروع کردیا۔ راجہ ظفرالحق کی جانب سے انہیں اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹر وں کے دستخطوں سے درخواست جمع کرادی گئی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست پر مسلم لیگ ن ، جمعیت علمائے اسلام ف ، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹء کے سینیٹرز نے دستخط کیے ہیں۔ راجہ ظفرالحق کا سٹاف چھٹی کے باعث درخواست سینٹ سیکرٹریٹ کی بجائے چیئرمین سینیٹ کے گھر جمع کرانے پہنچا تاہم بعد میں چیئرمین آفس میں سٹاف نے درخواست وصول کء۔ چیئرمین سینٹ چین کے سرکاری دورے سے واپسی پر مسلم لیگ کی درخواست پر فیصلہ کریں گے ۔وہ پیر کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔