اسلام آباد ہائی کورٹ، زرداری گروپ آف پرائیویٹ لمیٹڈ اکاؤنٹ سی15ملین رقم منتقلی سمیت دیگر جعلی اکاؤنٹس کے معاملے پر درج مقد مہ نمبر4 میں سابق صدر کی استدعا منظور

ہفتہ 18 اگست 2018 21:35

اسلام آباد ہائی کورٹ، زرداری گروپ آف پرائیویٹ لمیٹڈ اکاؤنٹ سی15ملین ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے زرداری گروپ آف پرائیویٹ لمیٹڈ اکاؤنٹ سی15ملین رقم ٹرانسفر کرنے سمیت دیگر جعلی اکاؤنٹس کے معاملے پر درج مقد مہ 4 میں سابق صدر کی استدعا منظور کرلی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ان چیمبر سماعت میں سابق صدر آصف علی زرداری وکیل صفائی لطیف کھوسہ کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کو کمرہ عدالت میں ہی روک لیاگیا۔

سینئر قانون دان لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے حکام کو سابق صدر اور ممبر قومی اسمبلی کی گرفتاری سے روکا جائے۔فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ مقدمے کی نوعیت کو جانے بغیر حفاظتی ضمانت کی استدعا کیسے کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے آئین کے آرٹیکل 498کے تحت سابق صدر کی حفاظتی ضمانت کے حوالے سے استدعا منظور کرلی۔

عدالت نے حکم نامے میں ایف آئی اے حکام کو 3ستمبر تک سابق صدر کی گرفتار سے روک دیا۔حفاظتی ضمانت منظور ہونے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری نے ٹرائل کورٹ اور ایف آئی اے کی انکوائری میں پیش ہونے پر غور شروع کردیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے بھی عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بنک اکاؤنٹس میں سابق صدر کے قریبی ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔جس کے بعد گزشتہ روز کراچی کی بنکنگ کورٹ سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد سابق صدر کی قانونی مشاورت کے بعد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔