بلاول بھٹو کی قومی اسمبلی میں تقریر عوامی امنگوں کے عین مطابق تھی، سنجیدگی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے، عزیز الرحمن چن

ہفتہ 18 اگست 2018 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں تقریر عوامی امنگوں کے عین مطابق تھی انہوں نے سنجیدگی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے بلاول بھٹو زرداری میں اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسی قائدانہ صلاحیتیں ہیں۔ آنے والے وقتوں میں پوری قوم اس کی تائید کرے گی۔

(جاری ہے)

یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کے مطابق ہر فرد کو مساوی حقوق مہیا کرنے کا خواہاں ہیں، بلاول بھٹو زرداری کی ملکی صورت حال اور دہشت گردی پر گہری نظر ہے مذکورہ معاملات میں ان کا واضح موقف ہے جو کسی سے عیاں نہیں جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کنفیوز ہیں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نوجوانوں کے حقیقی نمائندہ ہیں وہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے جرات اور جوانمردی سے پاکستان کی عوام کی قیادت کر رہے ہیں، ان کی مخلص اور قائدانہ صلاحیت سے ہی پاکستان بحرانوں سے نکلے گا۔