ٓآٹھ مقام،بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال گولہ باری، وادی لیپہ میں ایک شخص شہید ،دو شدید زخمی، درجنوں مکانات تباہ

ہفتہ 18 اگست 2018 22:23

ٓآٹھ مقام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال گولہ باری، وادی لیپہ میں ایک شخص شہید جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے ، درجنوں مکانات بھی تباہ ہوگئے ۔ تھانہ پولیس لیپہ کے محرر آفیسر ممتاز احمد کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر جمعہ کی شام پونے سات بجے کے قریب سویلین آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ گولہ باری شروع کردی ۔

رات گئے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا بھارتی فوج نے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا ہے جس سے درجنوں مکانات تباہ ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مارٹرکا گولہ ایک مکان پر لگنے سے ایک شخص ذوالفقار ولد محبوب عمر50 سال شیل لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا ہے ۔ جبکہ اس کا بیٹا عدیل ولد ذولفقار شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ایک اور 7 سال کا بچہ جعفرولد سفیر سکنہ موجی ڈھارا شدید زخمی ہو گیا ہے ۔

زخمیوں کو مقامی لوگوں نے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ صبح چار بجے تک جاری رہی ہے۔ لیکن علاقہ میں شدید خوف ہراس پایا جاتا ہے۔ لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔ پاکستانی فوج کی طرف سے بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے ۔ لیکن مجموعی طور پر صورتحال قابو میں بتائی جاتی ہے ۔