سوات، اشیاء صارف کے ماہانہ بلوں میں ٹیکسوں کیخلاف تاجر برادری کا احتجاج

تمام مسائل کو جلد حل اورملاکنڈڈویژن کی مخصوص حیثیت کوبحال کرنے کا مطالبہ،مسائل حل نہ ہوئے تو سخت احتجاج پر مجبورہو ںگے، تاجر برادری کے رہنمائوں کا مظاہرین سے خطاب

ہفتہ 18 اگست 2018 22:27

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) سوات میں بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ،ایل پی جی کے نرخوں،پانی کی فیسوں میں اضافے ،پانی کی شدید قلت ،ٹیلی فون ،بجلی کے ماہانہ بلوں میں ٹیکسوں کیخلاف تاجر برادری کا احتجاج،مسائل کو جلدازجلد حل اورملاکنڈڈویژن کی مخصوص حیثیت کوبحال کرنے کا مطالبہ،مسائل حل نہ ہوئے تو سخت احتجاج پر مجبورہوجائیںگے،گذشتہ روز مینگورہ میں تحصیل کونسلر یونین کونسل سیدو شریف ڈاکٹر خالد محمو دخالد کی قیادت میں تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ جس میں عام لوگوں نے بھی شرکت کی ،پلے کارڈ اٹھائے مظاہرین جلوس کی شکل میں نشاط چوک اور بعدازاں سوات پریس کلب کے سامنے پہنچ گئے جہاں پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرخالد محمود خالد،عبدالعلی،عثمان علی،نورمحمد اوردیگر نے کہاکہ سوات میں عرصہ دراز سے بجلی کی ناروااورظالمانہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے سبب کاروبار بری طرح متاثر ہورہاہے اوردوسری جانب بجلی اورٹیلی فون کے ماہانہ بلوں میں ٹیکس لگائے گئے ہیں جو ظلم کی انتہاہے جسے کسی بھی صورت برداشت کرنے کو تیار نہیں،انہوںنے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے سبب ٹیوب ویلوں کا پہیہ رک گیا ہے جس کے باعث پانی کی شدید قلت نے سر اٹھالیا ہے اور لوگ دیگر کام کاج چھوڑ کر پانی کی تلاش میں سرگرداں پھر رہے ہیںجبکہ دوسری جانب پانی کی فیسوںمیں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جوقابل افسوس امر ہے ،انہوںنے کہاکہ واساکمپنی پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی میں مکمل طورپر ناکام نظر آرہاہے ،انہوںنے کہاکہ ایل پی جی کے نرخوں میں اضافہ غریب عوام کیساتھ ظلم وناانصافی ہے کیونکہ یہاں کے لوگ پہلے سے ہی مہنگائی کی چکیوں میں پستے چلے آرہے ہیں ایسے میں وہ مزید مہنگائی کے ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے،انہوںنے نومنتخب وزیراعلیٰ اوردیگر حکام سے ملاکنڈڈویژن کی مخصوص حیثیت کو بحا ل کرنے سمیت تمام تر مسائل کو جلدازجلد حل کرنے کا مطالبہ کیا