میئر کراچی وسیم اختر کا برنس گارڈن کا اچانک دورہ ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

ہفتہ 18 اگست 2018 22:27

میئر کراچی وسیم اختر کا برنس گارڈن کا اچانک دورہ ، ترقیاتی کاموں کا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے برنس گارڈن کا اچانک دورہ کیااس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔میئر کراچی وسیم اختر نے برنس گارڈن کی تعمیر و نو کے سلسلے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے بعض پودوں کو خود پانی دیا اور پودوں کی دیکھ بھال میں عملی طور پر حصہ لیا۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اخترکا عملے کا ہدایات دیتے ہوئے کہنا تھاکہ شجر کاری مہم کے سلسلے میں جو پودے لگائے گئے ہیں ان کی روزانہ کی بنیاد پر دیکھ بھال کی جائے۔ 1927ئ میں قائم ہونے والے اس وسیع و عریض پارک کو 6 ستمبر سے ایک بار پھر شہریوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

برنس گارڈن سے تمام تجاوزات ختم کی جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کی اس پراپرٹی پر کوئی قبضہ نہ کرنے پائے۔ برنس گارڈن میں خواتین کے لئے مخصوص پردہ باغ کی بھی تزئین و آرائش کی جائے۔ شہر کے وسط میں واقع پارک کی تزئین وآرائش کا کام اس مہینے کے آخر تک مکمل کرلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں گل مہر، کوکونٹ، تھائی چمپا، مورنگا، سنبل، ڈبل چاندنی، نیم اور دیگر پودے لگائے گئے ہیں جن کی نگہداشت اور پرورش میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کراچی کے پارکس اور کھیل کے میدان لوٹ کا مال نہیں ہیں، ان کی مکمل حفاظت کریں گے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے ہرقسم کے تجاوزات کے خاتمے کی مہم جاری ہے۔ پارکس اور کھیل کے میدان شہریوں کی امانت ہیں جنہیں واگزار کراکر شہریوں کے حوالے کررہے ہیں۔#