ڈی ایس پی آفس حویلیاں میں عیدالاضحیٰ کے حوالہ سے اجلاس، اجلاس میں ٹریفک پلان سمیت دیگر امور طے کر لئے گئے

ہفتہ 18 اگست 2018 22:58

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) ڈی ایس پی آفس حویلیاں میں عیدالاضحیٰ کے حوالہ سے ڈی ایس پی کیڈٹ اعجاز خان کی زیرصدارت اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹریفک پلان سمیت دیگر امور طے کر لئے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد ڈی ایس پی حویلیاں کیڈٹ اعجاز خان نے میڈیا کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عید کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے، اس دوران کسی قسم کی آتش بازی، ہوائی فائرنگ اور نقص امن میں رکاوٹ بننے والی چیزوں پر مکمل پابندی عائد ہو گی، 21 تا 26 اگست تک یہ پابندی رہے گی، ایبٹ آباد جانے والی گاڑیاں ایبٹ آباد یونیورسٹی روڈ سے نکل کر مسلم آباد انٹرچینج سے نکلیں گی جبکہ ایبٹ آباد سے ہری پور اور موٹروے پر جانے والی گاڑیوں کو پرانے ایوب پل سے گذارا جائے گا۔

ڈی ایس پی حویلیاں نے کہا کہ جا بجا منڈی مویشیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، تمام جانوروں کو مین مویشی منڈی میں جمع کیا جائے گا، پولیس امن وامان کو برقرار رکھنے اور ٹریفک کی روانی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔