ْمنی لانڈرنگ کیس، حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ،20اگست کو سنایا جائے گا

یہ وائٹ کالر کرائم30جعلی بینک اکائونٹس پر پھیلا ہوا ہے، دیکھنا ہوگا ان جعلی بینک اکائونٹس کھولنے کے مقاصد کیا تھے، ایڈیشنل ڈائریکٹرایف آئی اے حسین لوائی کے موبائل واٹس ایپ، ای میل، میسجز بطور ثبوت حاصل کر لیے ہیں ،منی لانڈرنگ کی ساری چین ان جعلی اکائونٹس کے گرد گھوم رہی ہے،مکمل شواہد موجود ہیں کہ پیسے کہاں سے آئے، کیسے آئے، کیسے نکلے جبکہ 29 میں سے 16 بینک اکائونٹس سمٹ بینک کے ہیں، تفتیشی افسر

ہفتہ 18 اگست 2018 23:04

ْمنی لانڈرنگ کیس، حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ،20اگست ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) بینکنگ کورٹ نے اربوں روپے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیاہے،فیصلہ 20 اگست کو سنایا جائے گا۔ہفتہ کواربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ میں ہوئی،جہاں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ملک ممتاز الحسن عدالت میں پیش ہوئے ۔

انہوں نے دوران سماعت اپنے دلائل میں کہا کہ یہ وائٹ کالر کرائم30جعلی بینک اکائونٹس پر پھیلا ہوا ہے، دیکھنا ہوگا ان جعلی بینک اکائونٹس کھولنے کے مقاصد کیا تھے، ملزمان جواب دیں، جعلی اکائونٹس کھولنے کی ضرورت کیوں پیش آئی،20ہزار روپے لینے والے ملازمین کے اکائونٹس میں 4,4 ارب روپے منتقل کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ حسین لوائی سمٹ بینک کے سربراہ تھے، سب ان کی نگرانی میں ہوا،اومنی گروپ بھی اس اسکینڈل میں برابر کا شریک ہے۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت کوبتایاکہ زمینوںپر ٹھیکیداروں کے کک بیک ان جعلی اکائونٹس کے ذریعے منتقل ہوئے۔عدالت نے کہاکہ کیا شواہد ہیں کہ یہ رقم غیر قانونی طور پر منتقل ہوئیں،فرض کر لیں یہ بلیک منی تھی مگر اصل اکائونٹس میں پہلے سے موجود تھی، عدالت کو مطمئن کریں کہ ملزمان کو جعلی اکاوئنٹس کھولنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔اس پر تفتیشی افسرنے کہاکہ حسین لوائی کے موبائل واٹس ایپ، ای میل، میسجز بطور ثبوت حاصل کر لیے ہیں ،منی لانڈرنگ کی ساری چین ان جعلی اکائونٹس کے گرد گھوم رہی ہے،مکمل شواہد موجود ہیں کہ پیسے کہاں سے آئے، کیسے آئے، کیسے نکلے جبکہ 29 میں سے 16 بینک اکائونٹس سمٹ بینک کے ہیں۔

عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے کہا کہ کیا سمجھتے ہیں جو شواہد پیش کیے، انہیں ثابت کر سکیں گے۔اس پروکیل ایف آئی اے نے کہاکہ حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے،حسین لوائی کے خلاف اب تک کوئی شواہد نہیں ہیں۔عدالت نے ملزمان کے وکیل سے استفسار کیا کہ واٹس ایپ پیغامات پر کیا کہیں گے،اب تک واٹس ایپ پیغامات کا فرانزک ٹیسٹ نہیں ہوا،جب تک وٹس ایپ پیغامات کا فرانزک نہ ہو جائے تب تک کوئی قانونی حیثیت نہیں،ثابت کریں یہ کک بیک اور کرائم کا پیسہ تھا،سنگل پائی پیسہ حسین لوائی کے اکائونٹ میں نہیں گیاجبکہ ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں بڑے دعوی کیے مگر ٹرائل کورٹ کو سنگل شواہد نہیں دیا۔

عدالت نے حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیااور دونوں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ پیر20 اگست کو سنایا جائے گا۔