الخدمت آرفن کیئرکے تحت ’’آزادی کی خوشیاں باہمت بچوں کے ساتھ ‘‘ تقریب کا انعقاد

عوام یتیم بچوں کی کفالت کے لیے عید الاضحی کے پُرمسرت موقع پر قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں ،سید عبد الرشید کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 اگست 2018 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت حسبِ روایت اس سال بھی یتیم بچوں کے اعزاز میں تقریب ’’آزادی کی خوشیاں باہمت بچوں کے ساتھ ‘‘منعقد کی گئی جس میں مہمانان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی سید عبد الرشید ،آئی ایس آر سوئی سدرن گیس کمپنی سلمان احمد صدیقی ، سینیئر اینکر دنیا ٹی وی انیق احمد ، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،اینکر پی ٹی وی فرحانہ اویس، ناہید خان ، سارہ خان ،جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر اور دیگر نے بھی شرکت کی اور بچوں کے ہمراہ شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔

تقریب میں تصویری کہانی ، کوئز مقابلہ ، مقابلہ آرٹس بھی منعقد کیا گیا جس میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے بچوں میں انعاما ت تقسیم کیے گئے جبکہ مواچھ گوٹھ اسکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب کے آخر میں ناہید خان نے بچوں کو انعامات تقسیم کیے اور دعا کرائی۔ تقریب میں مہمانوں کو الخدمت کی جانب سے شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔سید عبد الرشید نے الخدمت کی فلاحی و امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ رضاکارانہ طور پر بچوں کی کفالت کرنا صدقہ جاریہ ہے اور یہی ہمارے لیے آخرت میں نجات کاذریعہ بنے گا،الخدمت کے تحت شہر بھر میں یتیم بچوں کے لیے مختلف پروجیکٹ پر کام کیا جارہا ہے جس میں ماہانہ اسکول فیس اور دیگر اخراجات کے لیے مخصوص رقم مہیا کی جاتی ہے ۔

جبکہ سستے او ر معیاری علاج و معالجہ کے لیے الخدمت لیبارٹیز وہسپتال کام کررہے ہیں اور عوام کوطبی سہولیات فراہم کررہے ہیں یہ سب کچھ معاونین کی تعاون سے ہی ممکن ہوتا ہے اسی لیے میں اس موقع پر عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ عید الاضحی کے پُرمسرت موقع پر یتیم بچوں کی کفالت کے لیے قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں تاکہ مزید بہتر طریقے سے کفالت یتامیٰ پروجیکٹ پر کام کیا جاسکے۔

انیق احمد نے کہاکہ الخدمت آرفن کیئر مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے آزادی کی خوشیوں میں باہمت بچوں کے ساتھ خوشیاں منانے کے لیے ایک خوبصورت محفل کا انعقاد کیا۔ خراج تحسین کی قابل ہیں ایسی خواتین جو رضاکارانہ طور پر یتیم بچوں کی اپنے بچوں کی طرح کفالت کرتی ہیں اور ان کے لیے تعلیم کے حصول کو آسان بناتی ہیں ۔سلمان احمد نے کہاکہ الخدمت آرفن کیئر کی جانب سے یتیم بچوں کے لیے تقریب منعقد کرنا قابل تحسین ہے ، میرے لیے یتیم بچوں کی خوشیوں میں شریک ہونا قابل فخر ہے ، میں ان تمام معاونین کا شکر گزار ہوں جو سالہا سال سے ان بچوں کی کفالت میں اپنامال خرچ کررہے ہیں۔

فرحانہ اویس نے الخدمت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ یتیم بچوں اور بچیوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا قابل تحسین عمل ہے ، بچے علم کو اپناہتھیار بنائیں اور علم کے زینے سے سفر کر کے اپنی دنیا اور آخرت کو سنواریں ۔ اسماء سفیر کہاکہ آج معاشرے میں کیبل اور ٹی وی نے بچوں کے ذہنوں سے بڑوں کا ادب اور والدین کی عزت کو ختم کردیا ہے ، بچوں کو چاہیئے کہ اپنے والدین کی عزت کریں او ر ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں تب ہی وہ دنیا و آخر ت کی کامیابی حاصل کرسکیں گے ۔