Live Updates

سردار عثمان بزدار ایماندار شخص ہیں جس کی وجہ سے ان کی بھرپور حمایت کرتا ہوں، وزیراعظم عمران احمد خان نیازی

ہفتہ 18 اگست 2018 23:25

سردار عثمان بزدار ایماندار شخص ہیں جس کی وجہ سے ان کی بھرپور حمایت کرتا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) وزیراعظم عمران احمد خان نیازی نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار ایماندار شخص ہیں جس کی وجہ سے ان کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔ اپنے ٹویٹ پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے نامزد امیدوار کے ساتھ ہوں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہاکہ گزشتہ دو ہفتوں کی مشاورت اور تحقیق کے بعد انہیں ایماندار پایا اور عثمان بزدار میرے نظریہ نیا پاکستان کے حامی اور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار کا تعلق پنجاب کے انتہائی پسماندہ علاقہ سے ہے جو ڈیرہ غازی خان ڈویژن کا قبائلی علاقہ ہے۔

(جاری ہے)

ان کے علاقہ میں بجلی، پانی اور صحت کی سہولیات سے دو لاکھ سے زائد افراد اب بھی محروم ہیں، وہ نظرانداز کئے گئے علاقوں کے عوام کی مشکلات کو سمجھتے ہیں اور بطور وزیراعلیٰ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے موثر طور پر کام کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب پنجاب کیلئے وزیراعلیٰ کسی پسماندہ علاقہ سے ہوگا اور جو علاقہ کی مشکلات اور مسائل کے بارے میں جانتا ہوگا کہ ان کو کیسے ختم کیا جاسکتا ہے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ وہ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات