موجودہ حکومت بلوچستان کی احساس محرومی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی ،میر حاجی علی مدد جتک

ہفتہ 18 اگست 2018 23:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک نے بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ جام کمال کو مبارکبا د دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی احساس محرومی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی اور یہاں پر بے روزگاری کا خاتمہ کر کے بے روزگار نوجوانوں کور وزگار کے مواقع میسر کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا میر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے جام کمال خان نے بحیثیت وفاقی وزیر بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بحیثیت وزیراعلیٰ بلوچستان بھی وہ اپنی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے صوبے کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے لائیں گے۔

(جاری ہے)

ان کی قیادت میں صوبہ ترقی کی منازل طے کرے گا انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوری سوچ رکھنے والی جماعت ہے اور ہم اس سوچ کو آگے لے کر ملک اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے ہم سمجھتے ہیں کہ وقت اورحالات کا تقاضا یہی ہے کہ ہم اس ملک کو جمہوری اندازمیں چلائیں اور صوبے کی جو پسماندگی اور احساس محرومی ہے اس کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے ماضی میں جو کچھ ہوا اچھا نہیں ہوا ہم سمجھتے ہیں کہ اب نئے منتخب وزیراعلیٰ اور موجودہ حکومت صوبے کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کر کے بلوچستان کی احساس محرومی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی اور یہاں پر بے روزگاری کا خاتمہ کر کے بے روزگار نوجوانوں کور وزگار کے مواقع میسر کرینگے۔