Live Updates

سپیکر کے انتخاب میں ہونیوالی کارستانی کو دوبارہ دوہرایا گیا تھا تو زبردست رد عمل آئیگا‘ حمزہ شہباز

کسی قیمت پر جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن دھاندلی کی تحقیقات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب اجلاس میں آج ہونیوالے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کی حکمت عملی طے کی گئی ،اراکین کو اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

ہفتہ 18 اگست 2018 23:29

سپیکر کے انتخاب میں ہونیوالی کارستانی کو دوبارہ دوہرایا گیا تھا تو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کسی قیمت پر جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن دھاندلی کی تحقیقات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،عوام 25جولائی کی رات کو چوری ہونے والے ووٹوں کا حساب چاہتے ہیں ، بہت ہو چکا اب ملک میں مینڈیٹ تبدیل ہونے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے آج ہونے والے انتخاب کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے بلائے گئے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر رانا محمد اقبال، منشا اللہ بٹ، چوہدری اقبال گجر ، عشرت اشرف، ذکیہ شاہنواز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی کو اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اصولوں کی بنیاد پر ایوانوںکے اندر اپنا موقف پیش کر رہی ہے ،ہم ہر انتخابی عمل کا حصہ بن رہے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے حق پر ڈالا جائے ۔پنجاب میں پی ٹی آئی کو فری ہینڈ نہیں دیں گے ،اپنا جمہوری حق استعمال کرنا جانتے ہیں اور اس سلسلہ میں کسی طور پر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی قیادت کس طرح کے بے ڈھنگے اور غیر معقول فیصلے کر رہی ہے ، پنجاب میں محمد شہباز جیسی وزارت اعلیٰ چلانے والے کے مقابلے میں کیسے شخص کو نامزد کیا گیا ،یہ سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سے پنجاب سپیڈ کا لقب حاصل کرنے والی اور کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے والی قیادت کا پی ٹی آئی کسی طور پر بھی مقابلہ نہیں کر سکتی ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں ہونے والی کارستانی کو اگر دوبارہ دوہرایا گیا تھا تو زبردست رد عمل آئے گا ،ہم کسی کا مینڈیٹ بھی تبدیل کرنے کے خواہاں نہیں ۔

پی ٹی آئی جمہوری میدان میں مقابلہ کرے اسے ہمیشہ شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی نہ تجربہ کاری کی بنیاد پر جگ ہنسائی کا باعث بنے گی ، اب تک ہونے والے فیصلوں میں ان کی نا پختگی جھلک رہی ہے اور ان میں ملک کو درپیش بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنے کی کسی طور پر بھی سکت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے وزیر اعظم ہائوس میں نہ رہنے اور پروٹوکول نہ لینے جیسے عمران خان کو عوامی مقبولیت نہیں دلا سکتے بلکہ انہیں کچھ کر کے دکھانا ہوگا ، وہ کروڑوں گھر بنانے اور نوکریاں دینے کے وعدے پورے کرنے کی تیار ی کریں عوام جلد ان سے ان کے اپنے ہی کئے ہوئے وعدوں کا حساب مانگیں گے۔

اس موقع پر ممبران اسمبلی نے بھرپور یکجہتی کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات