امریکی پابندیوں کے خلاف مزاحمت کی جائے گی،ایران

اتوار 19 اگست 2018 00:40

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) ایران نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا کہ یہ پابندیاں ایرانی معیشت کے لیے ایک کڑا وقت ضرور ہیں تاہم ایران اپنے قدرتی اور انسانی وسائل پر بھروسہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیاں ایرانی معیشت کا کمزور نہیں کر سکتیں۔

جہانگیری نے کہا کہ تیل اور گیس کے وسائل کے اعتبار سے ایران دنیا میں نمبر ایک ہے جبکہ معدنیات اور دھاتوں کے اعتبار سے بھی وہ دنیا کے 10 بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ طے پانے والے عالمی جوہری معاہدے سے رواں سال مئی میں علیحدگی اختیار کر لی تھی اور ایران کے خلاف پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔