علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ملک کے محروم طبقات کی چارمختلف کٹیگریز کو مفت تعلیم دینے کا اعلان

اتوار 19 اگست 2018 11:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک کے محروم طبقات کی چارمختلف کٹیگریز کو مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا ہے جن میں جیلوں میں قید افراد ، معذور افراد ، ڈراپ آئوٹ گرلز اور خواجہ سراء کمیونٹی شامل ہیں ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے توقع ظاہر کی ہے کہ ان کٹیگریز کے افراد اِس تعلیمی سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی کوشش ہے کہ ان طبقات سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں شامل کیا جائے۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے پاکستان میں "خواجہ سراء کمیونٹی" کے حالات زندگی میں بہتر ی لانے اور ان کو مفید شہری بنانے کے کام میں ذاتی دلچسپی لے کر اس کمیونٹی کے لئے میٹرک تا پی ایچ ڈی سطح تک مفت تعلیمی پالیسی متعارف کرا کے دیگر جامعات کے لئے ایک روڈ میپ متعین کردیا ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت ملک بھر میں رہنے والے خواجہ سرا میٹرک سے پی ایچ ڈی، مختصر دورانیہ کے زرعی، ٹیکنیکل اور ووکیشنل کورسسز کے کسی بھی پروگرام میں داخلہ لے سکتے ہیں اور ان سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی ۔ سمسٹر خزاں2018ء کے داخلوں کی آخری تاریخ 5ستمبر مقرر ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جیلوں میں بند مجرموں کے اخلا ق و کردار کی اس طرز پر اصلاح کرنا کہ وہ اپنی قید کی مدت کاٹنے کے بعد معاشرے میں ایک مہذب، مفید اور مثبت شہری کے طور پر ایک نئی زندگی کا آغاز کرسکیں۔

اس مقصد کے حصول کے لئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ملک بھر کی جیلوں میں مقید افراد کو جیل کے حدو د کے اندر مفت تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ایک مربوط پالیسی وضع کرکے اس پر باقاعدہ عمل درآمد شروع کردیا ہے ۔اب تک 1000سے زائد قیدی یونیورسٹی کے تعلیمی نیٹ سے منسلک ہوچکے ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی فاٹا اور بلوچستان کے طلبہ کو میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرنے کی منظوری بھی دے چکے ہیں۔