عوام کو گراں فروشوں کے استحصال سے بچانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں ‘ میاں عثمان

گراں فروشی سے اوسطاً ایک گھرانے پر ماہانہ 1200سے 1500تک کا اضافی بوجھ پڑتا ہے ‘ سابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی

اتوار 19 اگست 2018 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) سابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ پسے ہوئے طبقات کو استحصال سے بچانے اور گراں فروشی کی روک تھام کیلئے موثر اور جدید مانیٹرنگ کا نظام نا گزیر ہے ، صارفین اپنے حقوق کا استعمال نہیں کرتے جس کی وجہ سے روزانہ کروڑوں روپے بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے گراں فروشوں کی جیبوں میں چلے جاتے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کی کثیر تعداد کی جانب سے تہواروں پر مصالحہ جات اور سبزیوں کی تقریباً ایک ہفتہ قبل خریداری کر لی جاتی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پیشگی متحرک نہ کرنے کی وجہ سے گراں فروشوں نے عوام سے سرکاری نرخوں سے زائد وصولی کی ۔مطالبہ ہے کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نہ صرف فی الفور متحرک کیا جائے بلکہ عید الاضحی کے دنوں میں چھٹیاں بھی منسوخ کی جائیں تاکہ عوام کو گراں فروشوں کے استحصال سے بچایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

میاں عثمان نے کہا کہ گراں فروشی سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہوتا ہے جس سے اوسطاً ایک گھرانے پر ماہانہ 1200سے 1500تک کا اضافی بوجھ پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو گراں فروشوں سے سختی سے نمٹنا چاہیے اوراس کے لئے روزانہ کی بنیاد پر بلا تفریق آپریشن ہونا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :