دفعہ 35۔اے کی منسوخی کشمیریوں کے مفادات اور جذبات پر حملہ تصور ہو گا

ملازمین حساس معاملے پر کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں’ ایمپلائیز جوائٹ ایکشن کمیٹی

اتوار 19 اگست 2018 13:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں’’ ایمپلائیز جوائٹ ایکشن کمیٹی ‘‘نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے آئین کی دفعہ 35کو منسوخ کیا تو یہ اقدام کشمیریوں کی خواہشات، مفادات اور جذبات پر حملہ تصور ہو گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ملازمین کی تنظیم ’’ ایمپلائیز جوائٹ ایکشن کمیٹی ‘‘ کا ایک ہنگامی اجلاس تنظیم کے صدر عبدالقیوم وانی کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے کے ملازمین کشمیرکے معاشرے کا ایک حصہ ہے جو ہر مشکل وقت میں لوگوںکے شانہ بہ شانہ کھڑے رہے ہیں۔عبدالقیوم وانی نے اجلاس کے شرکاء سے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ کسی کو بھی کشمیریوںکے جذبات اور خواہشات کے ساتھ کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور ملازمین کسی بھی حساس نوعیت کے معاملے پر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آرٹیکل 35اے کی منسوخی بھی ایک انتہائی حساس معاملہ ہے لہذا وہ اسکے تحفظ کے لیے کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور طریقے سے کھڑے ہیں۔ عبدالقیوم وانی نے بھارتی سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ دفعہ 35۔ اے کی منسوخی کے حوالے سے دائر عرضداشت خارج کر دیں تاکہ کشمیریوں کو بلالحاظ مذہب ، عقیدے ، رنگ اور خطے کے جو حقوق و مراعات حاصل ہیں وہ قائم و دائم رہیں۔