مناسک حج کا آغاز، دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین منی پہنچ گئے دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد

حجاج کرام (آج) میدان عرفات روانہ ہوں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے

اتوار 19 اگست 2018 13:40

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2018ء) سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین مکہ مکرمہ سے منی پہنچ گئے ، دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی ، (آج) پیر کی صبح یعنی 9 ذی الحج کو میدان عرفات روانہ ہوں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال 20 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کر رہے ہیں جن میں ایک لاکھ 84 ہزار پاکستانی عازمین بھی شامل ہیں۔

8ذوالحج سے عازمین حج کی مکہ مکرمہ سے منی روانگی شروع ہوگئی، منی میں قیام کے بعد عازمین (آج) پیر کی صبح یعنی 9 ذی الحج کو میدان عرفات روانہ ہوں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ میں خطبہ حج ہوگا جو اس مرتبہ مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ دیں گے پھر نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بعدازاں عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشا قصر کے ساتھ ایک ساتھ پڑھیں گے، عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔