ایران کا مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی جہاز منظرعام پر لانے کا اعلان

ایرانی شہری بدھ کو جنگی جہاز کو فضا ئو ں میں دیکھ سکیں سکے، ہم دفاع کے قومی دن کے پر جنگی جہاز کو پیش کریں گے،لوگ اس کو پرواز کرتے اور اس کیلئے تیار کردہ آلات دیکھ سکیں گے، ایران کی اولین ترجیح میزائل کی صلاحتیوں کو بڑھانا ہے،ایران کے وزیر دفاع جنرل عامر حاتمی کا بیان

اتوار 19 اگست 2018 13:40

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2018ء) ایران کے وزیر دفاع جنرل عامر حاتمی نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی جہاز کو منظرعام پر لائیں گے ، ایرانی شہری بدھ کو جنگی جہاز کو فضاں میں دیکھ سکیں سکے، ہم دفاع کے قومی دن کے موقع پر جنگی جہاز کو پیش کریں گے،لوگ اس کو پرواز کرتے اور اس کے لیے تیار کردہ آلات کو دیکھ سکیں گے، ایران کی اولین ترجیح میزائل کی صلاحتیوں کو بڑھانا ہے۔

برطانوی میڈیا نے ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خانزادے کے حوالے سے کہا ہے کہ کم فاصلے پر مار کرنے والے دفاعی نظام کمند کے ساحلی اور سمندری تجربے کامیاب رہے ہیں۔ اور یہ نظام ایک جنگی بحری جہاز پر نصب کر دیا گیا ہے اور دوسرے جنگی جہاز پر جلد نصب کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمند نظام کو ایرانی فیلینکس قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ امریکی خودکار مشین گن کی طرز پر بنایا گیا ہے جس کی بڑی گولیاں میزائل کو تباہ کرتی ہیں۔

عالمی پابندیوں اور اسلحہ خریدنے پر پابندی کے باعث ایران نے بڑے پیمانے پر اسلحہ مقامی سطح پر تیار کیا ہے۔ ایران کا دعوی ہے کہ ان کے مقامی سطح پر تیار کردہ اسلحہ جدید مغربی اسلحے کے مقابلے کا ہے۔ایرانی بحریہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ کمند دفاعی نظام اس وقت فعال ہو جاتا ہے جب کوئی بھی شے جنگی جہاز سے دو کلومیٹر کے فاصلے میں آ جائے اور ایک منٹ میں چار ہزار سے سات ہزار گولیاں فائر کرتا ہے۔دوسری جانب ایرانی ایوی ایشن کور نے کہا ہے کہ ایرانی بری فوج نے ہیلی کاپٹروں پر نصب میزائلوں کی رینج کو آٹھ کلومیٹر سے بڑھا کر 12 کلومیٹر کر دیا ہے۔