پلوامہ میںگھر پر بھارتی فوجیوں کے چھاپے کے دوان بیہوش ہونیوالی خاتون ہسپتال میں چل بسی

اتوار 19 اگست 2018 13:50

سرینگر۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں ضلع پلوامہ کے علاقے نکاس آربل میں گھر پر بھارتی فوجیوں کے چھاپے سے خوفزدہ ہو کر بیہو ش ہونے والی 55 سالہ خاتون جاناں بیگم چار روز تک جانکنی کے عالم میں رہنے کے بعد سرینگر کے ایس ایم ایچ ہسپتال میں چل بسی۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خاتون کے بیٹے ریاض احمد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے بتایا کہ بھارتی فوجی گزشتہ منگل ان کے گھر کی دیوار پھلانگ کراندر داخل ہو گئے اور تلاشی لینی شروع کر دی ،اس دوران ان کی والدہ اور بہن سخت خوفزدہ ہونے کے بعد بیہوش ہو گئیں جس کے بعد انہیں فوری طور پر ایک نزیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

ریاض احمد نے کہا کہ ان کی بہن کچھ دیر بعد ہوش میں آگئی تاہم والدہ کی حالت زیادہ خراب تھی لہذا انہیں سرینگر کے ایس ایم ایس ایچ ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں وہ ہفتے کے روز وفات پا گئیں۔ مرحومہ کو آبائی گائوں میں سپرد خاک کیا گیا ۔ ان کی نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگ شریک تھے جنہوں نے اس موقع پر بھارت کے خلا ف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کیے۔