دفعہ 35۔اے کی منسوخی کشمیریوں کے مفادات و جذبات پر حملہ تصور ہو گا

ملازمین حساس معاملے پر کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں،ایمپلائز جوائٹ ایکشن کمیٹی

اتوار 19 اگست 2018 13:50

سرینگر۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں’’ ایمپلائز جوائٹ ایکشن کمیٹی ‘‘نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے آئین کی دفعہ 35کو منسوخ کیا تو یہ اقدام کشمیریوں کی خواہشات، مفادات اور جذبات پر حملہ تصور ہو گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ملازمین کی تنظیم ’’ ایمپلائز جوائٹ ایکشن کمیٹی ‘‘ کا ایک ہنگامی اجلاس تنظیم کے صدر عبدالقیوم وانی کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے کے ملازمین کشمیرکے معاشرے کا ایک حصہ ہے جو ہر مشکل وقت میں لوگوںکے شانہ بہ شانہ کھڑے رہے ہیں۔عبدالقیوم وانی نے اجلاس کے شرکاء سے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ کسی کو بھی کشمیریوںکے جذبات اور خواہشات کے ساتھ کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور ملازمین کسی بھی حساس نوعیت کے معاملے پر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آرٹیکل 35 اے کی منسوخی بھی ایک انتہائی حساس معاملہ ہے لہذا وہ اس کے تحفظ کے لیے کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور طریقے سے کھڑے ہیں۔ عبدالقیوم وانی نے بھارتی سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ دفعہ 35۔ اے کی منسوخی کے حوالے سے دائر عرضداشت خارج کر دیں تاکہ کشمیریوں کو بلالحاظ مذہب ، عقیدے ، رنگ اور خطے کے جو حقوق و مراعات حاصل ہیں وہ قائم و دائم رہیں۔