دنیا بھر سے حجاز مقدس پہنچنے والے لاکھوں کلمہ گو (آج) پیر 9 ذوالحج کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے

اتوار 19 اگست 2018 14:10

اسلام آباد/مکة المکرمہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے حجاز مقدس پہنچنے والے لاکھوں کلمہ گو (آج) پیر 9 ذوالحج کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ اتوار 8 ذوالحج کو عازمین نے منیٰ کی خیمہ بستی میں قیام کیا۔ 9 ذوالحج کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے میدان عرفات پہنچیں گے جہاں مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر اور نماز عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔

عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہو گا۔ یہ قبولیت کی وہ ساعتیں ہیں جن میں کی گئی کوئی دعا اللہ رب العزت رد نہیں کرتے اس لئے عصر اور مغرب کے درمیان حجاج کرام اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔ سورج غروب ہوتے ہی میدان عرفات کو فوری طور پر چھوڑنے کا حکم ہے اس لئے حجاج کرام میدان عرفات کی حدود سے فوری طور پر مذدلفہ کا رخ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

مذدلفہ میں شیطان کو مارنے کے لئے کنکریاں چننے کے ساتھ ساتھ رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور مذدلفہ میں ہی نماز مغرب اور نماز عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے۔ رات کھلے آسمان کے تلے قیام کے بعد نماز فجر ادا کریں گے اور اس کے ساتھ ہی منیٰ پہنچیں گے جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ اسی طرح 11 ذوالحج کو بھی تینوں شیطانوں کو بھی کنکریاں مارنے کا حکم ہے۔ 12 ذوالحج کو آخری دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مکة المکرمہ واپس جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 10، 11، 12 ذوالحج کو منیٰ میں قیام کرنا حج کا لازمی رکن ہے۔ اس دوران طو اف زیارت کے لئے حجاج کرام کے لئے مکة المکرمہ میں مسجد الحرام جانا لازم ہے۔

متعلقہ عنوان :