Live Updates

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو واپس روانہ

نوجود سنگھ کو سینیٹر فیصل جاوید نے الوداع کیا ، بذریعہ واہگہ بارڈر واپس روانہ ہوئے،ان کیخلاف بھارت میں نفرت کی لہر برقرار

اتوار 19 اگست 2018 14:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری میں خصوصی طور پر شرکت کے لیے آنے والے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو واپس روانہ ہوگئے جبکہ ان کے خلاف بھارت میں نفرت کی لہر برقرار ہے۔بھارتی کرکٹر نوجود سنگھ کو تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے الوداع کیا اور وہ بذریعہ واہگہ بارڈر واپس روانہ ہوئے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں سے پیار اور عزت لے کر جارہے ہیں، پاکستانیوں نے جو محبت دی وہ تا عمر یاد رہے گی۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ریگستان کی مٹی پر بارش پڑنے سے سوندھی خوشبو آنا اچھا شگن ہے، اچھی شروعات کرکے جارہے ہیں، فائونڈیشن بنا کر اس امید سے جارہے ہیں کہ کوئی اس پر عمارت کھڑی کردے۔اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ میچ ہونا چاہیے جس پر نوجوت سدھو کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے ونر کے درمیان میچ اچھا آئیڈیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان کی تقریب حلف برداری میں نوجوت سنگھ سدھو اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا مصافحہ اور صدر آزاد کشمیر کی برابر والی نشست پر بیٹھے جانے پر بھارتی میڈیا نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ بھارتی میڈیا سدھو کے آرمی چیف سے معانقے پر ہنگامہ کھڑا کرتے ہوئے انہیں غدار قرار دے رہا ہے جبکہ بھارتی شہر لدھیانہ میں انتہا پسندوں کی جانب سے سدھو کے پتلے جلا کر احتجاج کیا گیا جس پر وہاں کے میڈیا نے اسے نمایاں کوریج بھی دی۔

بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا اعزاز سمجھتا ہوں کیوں کہ یہ تاریخی تھی، عمران خان کا ویژن بہت صاف ہے اور مجھے یقین ہے کہ ان کے آنے سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آئے گی جس کی ہم سب کو ضرورت ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات