کراچی میں بچے پولیس موبائل میں سوار ہو کر ناشتہ کرنے پہنچ گئے

بچوں کے ساتھ کوئی پولیس اہلکار یا آفیسر موجود نہیں تھا، بچے خود پولیس موبائل چلا کر ہوٹل پر ناشتہ کرنے پہنچے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 19 اگست 2018 15:46

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19اگست 2018ء) کراچی میں بچے پولیس موبائل میں سوار ہو کر ناشتہ کرنے پہنچ گئے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں پولیس غفلت کی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔کراچی میں سیکیورٹی خدشات کے باوجود بچے بہادرآباد کے علاقے میں پولیس موبائل کو خود ڈرائیو کرکے ناشتہ کرنے پہنچ گئے۔چھوٹے بچوں کو ناشتے کے لیے پولیس موبائل فراہم کر دی گئی،بچوں کو پولیس کی وین پر اہلکاروں کی طرح سوار ہو کر بہادرآباد ناشتے کے لئے پہنچنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچوں کے ساتھ کوئی پولیس اہلکار یا آفیسر تک موجود نہ تھا اور بچے خود پولیس موبائل چلا کر ہوٹل پر ناشتہ کرنے پہنچے۔ نوجوان لڑکے ایس پی ایم 831 نمبر کی پولیس موبائل چلا رہے تھے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا صارفین نے بھی بچوں کی پولیس موبائل پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔اس سے پہلے بھی اس طرح کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔

اس سے پہلے بھی ایک نوجوان کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو سندھ میں پولیس وین سڑکوں پر چلاتا رہا۔اور نو عمر نوجوان پولیس موبائل لے کر شہر کی سڑکوں پر لطف اندوز ہونے لگا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ پولیس کے کارنامے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں لیکن سندھ پولیس نے سرکاری گاڑیوں کو کرایے پر دینے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔سندھ پولیس نے کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے پولیس وین اب کرائے پر دینا شروع کر دی۔

سندھ کے ضلع خیر پور کا نو عمر نوجوان پولیس موبائل لے کر شہر کی سڑکوں پر لطف اندوز ہوتا رہا ۔کہیں موبائل سے ہارن بجاتا تو کہیں شہریوں کو ہراساں کرتا نوجوان شہر کی سڑکوں پر دندناتا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات کے بعد پولیس کی کارگردگی پر سوالیہ نشان اٹھ جاتا ہے۔