Live Updates

عمران خان پاکستان کو مشکلات کے گرداب سے نکال لینگے،صدرایف پی سی سی آئی

کاروباری برادری معاشی استحکام کیلئے حکومت سے تعاون کرے گی،وزیر اعظم سب سے پہلے کاروباری اخراجات کم کرنے کیلئے اقدامات کریں،غضنفر بلور

اتوار 19 اگست 2018 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ملک میںمثبت جمہوری روایات کو پروان چڑھانے کا عزم خوش آئند ہے۔ انکے فیصلوں سے معیشت مستحکم ہو گی اور کاروباری برادری کا اعتماد بڑھے گا جبکہ ان سے وعدوں کی تکمیل میںبھرپور تعاون کرے گی۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے یہ بات اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے چئیرمین میاں اکرام فرید کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور کریم عزیز ملک اور عاطف اکرام شیخ، چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل، اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحیداور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

غضنفر بلور نے کہا کہ نئی حکومت کو داخلی اور خارجی سطح پرسنگین اقتصادی چیلنج درپیس ہیں اور امید ظاہر کی کہ وہ کاروباری برادری کی مدد سے معیشت کی زبوں حالی پر قابو پا لینگے۔قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں اور ملک کو فوری طور پر کم از کم بارہ ارب ڈالر کی شدید ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم سب سے پہلے کاروباری لاگت کم کرنے کیلئے اقدامات کریں جبکہ صنعتی شعبہ کو بجلی کی مد میں دیا جانے والے ریلیف برقرار رکھا جائے۔

کھربوں روپے کا نقصان کرنے والے اداروں کو فروخت کیا جائے جبکہ کاروبایر برادری کو سی پیک پر اعتماد میں لیا جائے کیونکہ رازداری سے شکوک جنم لے رہے ہیں۔سی پیک کے تحت خیبر پختون خواہ میں صنعتی بستیوں کیلئے مختص مقامات میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی نہیں اسلئے انکا مقام بدلا جائے۔ چین سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کا دوسرا مرحلہ کاروبایر برادری کی بھرپور مشاورت کے بغیر مکمل نہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صنعتوں کیلئے پلاٹ نہیں ہیں اس لئے نئی صنعتی بستی کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ٹیکس نظام بہتر کیا جائے اور کاروباری برادری کو پھنسے ہوئے ریفنڈ ادا کئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے قائمہ کمیٹیوں میں اسلام آباد سمیت تمام اہم شہروں کو نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر خزانہ کا حلف اٹھانے کے بعد ایف پی سی سی آئی کا دورہ کریں گے جس میں ان سے تمام مسائل پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔ سادگی، صلح جوئی، احتساب،شفافیت اور آئین و قانون کی بالادستی ملک کے تمام مسائل کو حل کر دے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات