ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کے اعلان پر میرپور میں یوم احتجاج منایا گیا

اتوار 19 اگست 2018 16:30

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2018ء) ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کے اعلان پر میرپور میں یوم احتجاج منایا گیا ، شہریوں،تاجروں،وکلاء صحافیوں،طلباء نے بھرپور شرکت کی، ہالینڈ حکومت کیخلاف شدیداحتجاج کیا گیا،یوم احتجاج منا نے کا اعلان مقامی اخبار کے ایڈیٹر عمیر چوہدری اور صحافی حافظ محمد اشرف نے کیا تھا، اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجراں اتحاد گروپ کے صدر چوہدری محمود احمدنے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے عالمی دنیا کا امن تبا کرنے کی سازش ہے۔

محسن انسانیت ؐکی عزت و ناموس کیلئے مسلمان سب کچھ قربان کرسکتے ہیں۔ ناموس رسالت ؐ کا تحفظ ایمان کا حصہ ہے۔ حکومت پاکستان ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرکے ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے،اسحاق چوہان نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کھلی دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

عنصر صارم نے کہا کہ ہالینڈ کی حکومت کا گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی اجازت دینا کروڑوں مسلمانوں کے ایمان پر حملہ ہے۔

امت مسلمہ اس قسم کی ناپاک جسارت ہر گز برداشت نہیں کرے گی۔عمیر چوہدری،حافظ اشرف نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گستاخ گیرٹ ورلڈ کو عالمی دہشت گرد قراردیا جائے۔ منیب ٹھاکر،تیمور خالد نے اجتماعات سے خطاب کرتے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر اشتعال انگیزی اور دہشت گردی کو فروغ دیا جارہا ہے۔ اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا ، ہمارے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ ہالینڈ کی حکومت سے سفارتی اور معاشی تعلقات ختم کرے ہالینڈ کا سفارت خانہ بند کردیا جائے ہالینڈ کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے اور اقوام متحدہ میں ہالینڈ کے اسلام دشمن روئے کے خلاف فوری طور پر موثر اقدامات کئے جائیں۔