کے پی اسمبلی کے سپیکر مشتاق غنی اور رکن قومی اسمبلی علی خان کی ایبٹ آباد آمد۔پی ٹی آئی کارکنوں نے شاندار استقبال کیا

اتوار 19 اگست 2018 16:30

ْ ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب سپیکر مشتاق احمد غنی اوراین اے 16سے منتخب رکن قومی اسمبلی علی خان جدون کی ایبٹ آباد آمد کے موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فوارہ چوک کے مقام پر شاندار استقبال کیا۔مشتاق احمد غنی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ایبٹ آباد پہنچے۔

فوارہ چوک کے مقام پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے اپنے قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اورخیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کی حکومت بن چکی ہے۔وفاقی اورصوبائی حکومتیں نوجوانوں کے مسائل حل کریں گی۔ہزارہ سے منتخب تحریک انصاف کے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی ہزارہ کے مسائل حل کرکے ہزارہ کی ترقی کی جانب گامزن کریں گے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا۔