Live Updates

جولائی کے دوران ترسیلات زر میں 21 فیصد اضافہ

اتوار 19 اگست 2018 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی) کے دوران ترسیلات زر میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی الیکشن میں کامیابی، عید الاضحیٰ اور موسم گرما کی تعطیلات کے باعث ترسیلات زر میں تیزی آئی ہے۔ جولائی 2018ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 1929.76 ملین ڈالر ترسیلات زر کیں جو جولائی 2017ء کے دوران 1541.67 ملین ڈالر رہی تھیں۔

پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے، وہ ہمیشہ ملک کی معیشت کے استحکام کے لئے تیار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا مستقبل بہتر دکھائی دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کے باعث ترسیلات زر بڑھی ہیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر عامر وحید نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ایمنسٹی سکیم کی وجہ سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت جلد ہی سمندر پار پاکستانیوں کے لئے پالیسی تشکیل دے جس سے نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کا اعتماد بڑھے گا بلکہ ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہو گا۔ ایس ڈی پی آئی کے ماہرین نے بتایا کہ ترسیلات زر میں اضافے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی استحکام ترسیلات زر میں اضافے کی اہم وجہ ہو سکتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات