مقبوضہ کشمیر: دفعہ 35اے کا ہرقیمت پر تحفظ کیاجائے گا: تاجر وسول سوسائٹی فورم

اتوار 19 اگست 2018 16:30

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تاجروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ دفعہ 35-Aکا ہرقیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تجار ت وکاروبار اور سول سوسائٹی کی 27تنظیموں پر مشتمل مشترکہ فورم کے ترجمان عبدالمجید زرگرنے سرینگر میں صحافیوں کو بتایا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ بھارت کے وزیر اعظم جنہوںنے چند دن پہلے لال قلعے کی فصیلوں سے کشمیریت کا ذکرکیا،اسی کشمیریت پر عدالت کے ذریعے حملے کی کوشش کررہے ہیںتاکہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اگراپنے الفاظ میں سچے ہوتے کہ کشمیریوں کو گلے لگانے کی ضرورت ہے تووہ آر ایس ایس کی طرف سے دائر کی گئیں درخواستیں واپس لیتے یاسپریم کورٹ میں اپنے ملک کے آئین کی شق کا دفاع کرتے ۔

(جاری ہے)

نریندر مودی نے 15اگست کو اپنے خطاب میں کہا تھا کہ بھارتی حکومت کشمیرمیں گولی اور گالی کے بجائے لوگوں کو گلے لگانے کا رویہ اختیار کرکے آگے بڑھے گی۔ ترجمان نے کہاکہ مودی کو پارلیمنٹ میں بھی کشمیریوں سے کئے گئے وعدے کے حوالے سے بیان اعادہ کرنا چاہیے۔ ترجمان نے کہاکہ کشمیری علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص، اپنی شناخت اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے لہو کا آخری قطرہ تک بہائیں گے۔