مقبوضہ کشمیر:کل جماعتی حریت کانفرنس کی طلباء کے تعلیمی مستقبل کو تباہ کرنے کی دانستہ کوششوں کی شدید مذمت

اتوار 19 اگست 2018 16:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض انتظامیہ کی طرف سے تعلیمی اداروںکوانتشار کی آماجگاہ بنانے اور نوعمر طلباء کے تعلیمی مستقبل کو تباہ کرنے کی دانستہ کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ ضلع بارہمولہ میں ایس ایس ا یم کالج آف انجینئرنگ پری ہاس پورہ میں پولیس اہلکاروں کا بلاجواز داخل ہونے، طلباء کو تشدد بنانے اور انہیں ہراساں کرنے سے طلباء میں عدمِ تحفظ اور ان کے مستقبل کو جان بوجھ کر تباہ کرنے پر تشویش پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر معاملہ کسی عدالت میں زیرِ سماعت ہے تو پھر پولیس انتظامیہ کی طرف سے طلباء کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی اجازت کیوں کردی گئی ۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ کی طرف سے طلباء پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنے کی جوڈیشل تحقیقات کرانے ، ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دینے اور گرفتار طلباء کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔