اسٹریٹجک پارٹنر کہنے والوں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، ترک صدر

کچھ لوگ ہمیں معاشی سختیوں، پابندیوں اور کرنسی میں اتار چڑھاؤ سے ڈرا رہے ہیں، رجب طیب اردوان

اتوار 19 اگست 2018 17:30

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ خود کو ہمارا اسٹریٹجک پارٹنر کہنے والوں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ دارالحکومت انقرہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ ترکی امریکا سے خوفزدہ نہیں ہوگا، کچھ لوگ ہمیں معاشی سختیوں، پابندیوں اور کرنسی میں اتار چڑھاؤ سے ڈرا رہے ہیں تاہم ہم ان کے فریب سے آگاہ ہیں اور ان کا مقابلہ کریں گے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسٹریٹیجک پارٹنر کہنے والے ہی ہمیں اسٹریٹجک ٹارگٹ بنا رہے ہیں لیکن ان کے آگے ہم سر نہیں جھکائیں گے، ہم انہیں بتا چکے ہیں کہ اس چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔یاد رہے کہ امریکی پادری اینڈرو برینسن کی 2016 میں گرفتاری کے بعد سے ترکی اور امریکا کے تعلقات کشیدہ ہیں اور امریکا کی جانب سے عائد کی گئی حالیہ پابندیوں کے بعد ترکی کی کرنسی اور معیشت شدید دباو کا شکار ہے اور ترکی کی مقامی کرنسی لیرا، ڈالر کے مقابلے میں 38 فیصد تک قدر کھو چکی ہے۔

(جاری ہے)

امریکا نے مزید دھمکی دی ہے کہ اگر ترکی میں قید پادری کو رہا نہ کیا گیا تو انقرہ پر مزید معاشی پابندیاں عائد کی جائیں گی جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں پادری کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ امریکی پادری اینڈرو برینسن پر دہشت گردی اور جاسوسی کے الزامات ہیں جنہیں عدالتی کارروائی سامنا ہے۔