پھلروان،مزدور کا مزدوری مانگنا جرم بن گیا ،زمیندار کے ہاتھوں قتل

لواحقین کا زمیندار کے خلاف مقدمہ درج اور گرفتار نہ کرنے پر موٹروے سالم انٹرچینج پر نعش رکھ کر احتجاج

اتوار 19 اگست 2018 17:30

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) بااثر زمیندار نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے محنت کش کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ لواحقین کا زمیندار کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے اور گرفتار نہ کرنے پر موٹروے سالم انٹرچینج پر نعش رکھ کر احتجاج۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ پھلروان کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقہ سالم میں محنت کش نصیر احمد علاقے کے بااثر زمیندار احمد بخش کے گھر کی تعمیر کا کام کر رہا تھا عید سے قبل زمیندار کی طرف سے نصیر احمد کو مزدوری دینے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی رقم کا مطالبہ کرنے پر زمیندار نے انکار کیا تو نصیر احمد نے عید پر بچوں کے کپڑوں کی خریداری کے لیے رقم دینے پر زور دیا اس دوران دونوں کے درمیان تکرار ہو گئی تو زمیندار احمد بخش نے طیش میں آ کر نصیر کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی طرف سے بااثر زمیندار کے خلاف مقدمہ درج نہ ہونے اور گرفتاری نہ کیے جانے کے خلاف لواحقین نے نعش موٹر وے انٹر چینج سالم پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور ملزم کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا تھانہ پھلروان پولیس کے مطابق پوسٹمارٹم کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جائیگا