Live Updates

پنجاب اسمبلی نے ملعون گیرٹ ویلڈرز کی جانب سے گستاخانہ مواد پر مبنی نمائش کا اعلان کرنے پر ہالینڈ کیخلاف مذمتی قرار متفقہ طور پر منظور کر لی

معاملے پر تمام مسلمان ممالک سے رابطہ کر کے مشترکہ طور پر ہالینڈ سے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا جائے ‘ قراردادمیں وفاقی حکومت سے مطالبہ اراکین کی جانب سے غلام ہیں غلام ہیں رسول ؐ کے غلام ہیں، غلامی رسولؐ میںموت بھی قبول ہے ، نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے

اتوار 19 اگست 2018 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) پنجاب اسمبلی نے ہالینڈ کے سیاستدان ملعون گیرٹ وائلڈرز کی جانب سے گستاخانہ مواد پر مبنی نمائش کے انعقاد کا اعلان کرنے کیخلاف مذمتی قرار متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے پر تمام مسلمان ممالک سے رابطہ کیا جائے اور مشترکہ طور پر ہالینڈ سے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا جائے ۔

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ انتہائی اہم معاملہ ہے جس پر قرارداد پیش کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی مسرت جمشید چیمہ ،حافظ عمار یاسر اور اسی طرح (ن) لیگ کی جانب سے بھی ہالینڈ میں گستاخ رسول کے خلاف قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

قواعد کی معطلی کی تحریک کی منظوری کی تحریک کے بعد قرارداد پیش کی جائے گی ۔

حافظ عمار یاسر نے قواعد کی معطلی کی تحریک پیش کی جس کی منظوری کے بعد انہوںنے قرارداد کا متن پڑھا ۔ جس میں کہا گیا کہ نبی کریم ﷺ کی ناموس اور حرمت پر سب مسلمان قربان ہونے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔آپﷺ کو دو جہانوںکے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ۔ آپﷺ کی بدولت امت بخشی جائے گی ۔ آپ ﷺ مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہیں او رآپﷺ کی حیات مبارکہ ہر انسان کیلئے بہترین اصول وضع کرتی ہے ۔

عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کی حفاظت ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ۔ کفار دنیا اسلام اور دنیا سے خوفزدہ ہے اس لئے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخیاں کی جاتی ہیں ۔حالیہ دنوں میں ہالینڈ کے ملعون گیرٹ وائلڈرز نے آپ ﷺ کی شان کے خلاف گستانہ مواد پر مبنی نمائش کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی ہے ،پوری دنیا کے مسلمان اس تکلیف اور درد کو محسوس کرتے ہیں اور اس پر سراپا احتجاج ہیں۔

ملعون گیرٹ کی یہ حرکت دنیا کے امن کے خلاف سازش ہے ۔ یہ ایوان پوری امت مسلمہ کی ترجمانی کرتے ہوئے ملعون گیرٹ وائلڈرز اور ہالینڈ حکومت کی مذمت کرتا ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ تمام مسلمان ممالک سے رابطہ کیا جائے او رمشترکہ طور پر ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں ۔ دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی سازش پر ملعون گیرٹ وائلڈرز کے خلاف کیس چلا کر اسے سزا دی جائے ۔

ایوان نے قرارداد کی متفقہ طو ر پر منظوری دیدی ۔ حکومتی اراکین کی جانب سے کہا گیا کہ اسے متفقہ کہا جائے جس پر سپیکر نے کہا کہ قرارداد کی متفقہ منظوری ہوئی ہے ۔ اس موقع پر اراکین کی جانب سے غلام ہیں غلام ہیں رسول ؐ کے غلام ہیں، غلامی رسولؐ میںموت بھی قبول ہے ، نعرہ تکبیر اللہ اکبر ، نعرہ رسالت یا رسول اللہ کے نعرے بھی لگائے گئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات