محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر نے یونیورسٹی کے توسیعی منصوبہ کا افتتاح کردیا

منصوبہ کی تکمیل پر انجینئرنگ،بایئو سائینسز،فارمیسی،فنانس اور دیگر ڈگری پروگرام شروع کئے جائینگے،ڈاکٹر زبیر شیخ

اتوار 19 اگست 2018 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو)کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے گزشتہ روزیونیورسٹی کے نئے توسیعی منصوبہ پر کام کا افتتاح کیا جس کے لئے شارع فیصل پر موجو کیمپس سے متصل ایک وسیع قطعہ اراضی خریدا جاچکا ہے۔ ماجو کے اس توسیعی منصوبہ کے تحت نئے کیمپس کی ایک چارمنزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی جس میں کلاس روم،کانفرنس روم، لیباریٹریز،کامن رومز و ،لائیبریری،انکوبیٹرزو دیگر سہولتوں کے علاوہ بیس مینٹ میں دو منزلہ کار پارکنگ بھی مہیا کی جائے گی۔

ماجو کے اس توسیعی منصوبہ کی افتتاحی تقریب میں ماجو کے تمام ڈینز،شعبہ جاتی سربراہان،پروفیسرز،سینئر فیکلٹی ممبرز،افسران اور عملہ نے شرکت کی اور اپنی مسرت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ کیمپس کی نئی عمارت کا تعمیراتی کام اگلے سال کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد ہم انشا اللہ سال 2020 سے بی ای (سول انجینئرنگ) بی ای، (مکینیکل) ڈی فارمیسی،بی ایس،(ایجوکیشن) ایم ایس، (بائیو کیمسٹری)پی ایچ ڈی،(بائیو کیمسٹری)ایم ایس،(اکنامکس اینڈ فنانس) بی ایس،(میڈیا سائینس) اور دیگر نئے ڈگری پروگرام شروع کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئے کمپس کی عمارت الٹرا ماڈرن اور ہائی ٹیک ہوگی جس میں قدری روشنی کے استعمال کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر بڑے اطمینان کا باعث ہے کہ ان کے دور میں ایک طویل مدت کے بعد کسی توسیعی منصوبے کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لئے وہ یونیورسٹی کے چانسلر میاں عامر محمود کا اس منصوبہ کی تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے پر ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔