Live Updates

نومنتخب وزیراعظم پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے تمام جماعتوں کو ایک بینر تلے جمع کریں‘میاں مقصود احمد

دنیا بھرمیں انتخابی عمل خوب سے خوب تر کی تلاش کا ذریعہ بنتا ہے، پاکستان میں انتخابات کے بعدبربادی کا عمل شروع ہوجاتا ہے

اتوار 19 اگست 2018 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ عمران خان ایسے حالات میں وزیر اعظم بنے ہیں جب ملک کوچاروں اطراف سے خطرات نے گھیرا ہوا ہے۔ رشوت، سفارش، کرپشن کی وجہ سے وطن عزیز کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ پاکستان کے دشمن بھارت کی سربراہی میں ناپاک عزائم رکھتے ہوئے پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں۔

ان خیا لات کاا ظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفتر منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اقتدار کی منتقلی کامرحلہ سرانجام پاچکا ہے۔اب چیئر مین پی ٹی آئی کو عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کوپوراکرنا ہوگا۔تمام سرکاری اداروں میں تعینات نااہل،کرپٹ اور بدعنوان افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور ان کی جگہ اہل افراد کولگایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دنیا بھرمیں مسلسل انتخابی عمل خوب سے خوب تر کی تلاش کا ذریعہ بنتا ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں ہر انتخابات کے بعد پہلے سے زیادہ بربادی کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔ اس عمل کے ذریعے ایک نظریہ پاکستان کے تحت وجود میں آنے والے ملک میں ادارے شعوری ، بلا شعوری طور پر ملک دشمن قوتوں کی مذموم اور نا پاک خواہشات کی تکمیل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے تحریک انصاف کی نومنتخب قیادت بھی اسی عمل کا حصہ رہی ہے لیکن اب بھی وقت ہے کہ سیاسی تقسیم کے عمل کو روکیں اور پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور بقاء کیلئے تمام جماعتوں کو ایک بینر پر اکٹھا کریں۔ انتخابی عمل کی غلطیوںکو کھلے دل سے تسلیم کریں اور ایک متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیں اور پاکستان کی بنیادی نظریاتی شناخت پر یکسوئی اختیار کریں۔

اسلام کو سرکاری مذہب تسلیم کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کی اب تک کی سفارشات کی روشنی میں قانون سازی کریں ، ختم نبوتؐ اور توہین رسالت ؐ کے قانون کے بارے میں واضع اور دوٹوک اعلان کریں کہ اس سلسلہ میں کسی بیرونی دبائو کو قبول نہیں کیا جائے گا اور مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے بہترتعلقات قائم نہیں ہونگے ۔ میاں مقصوداحمدنے مزیدکہا کہ اگر عمران خان نے یہ اقدامات اُٹھائے تو پاکستان کی22کروڑ عوام ہی کے نہیں اُمت مسلمہ کے لیڈر بن جائیں گے اورہم انہیں دل سے مبارکباد پیش کریں گے ۔ ہم پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے اچھے کاموں کی حمایت اور غلط فیصلوں کی مذاحمت کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات