وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی 10رکنی نئی کابینہ نے حلف اٹھالیا

اتوار 19 اگست 2018 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی 10رکنی نئی کابینہ نے حلف اٹھالیاہے، تقریب اتوار کو گورنر ہائوس کراچی میں ہوئی جہاں قائمقام گورنر آغا سراج درانی نے نئی کابینہ سے حلف لیا۔ذرائع کے مطابق حلف لینے والوں میں سعید غنی، شہلا رضا، اسماعیل راہو، سردار شاہ، محبوب الزماں، شبیر بجارانی، ہری رام کشوری لال اور عذرا فضل پیچوہو شامل ہیں ،جو نئی کابینہ میں وزیربن گئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بیرسٹر مرتضی وہاب اور محمد بخش مہر کو وزیر اعلی سندھ کا مشیر بنایا گیا ہے۔ نئی کابینہ میں ناصر شاہ، سہیل انور سیال اور جام خان شورو جیسے بڑے بڑے ناموں کو آئوٹ کردیا گیا ہے۔سندھ کی نئی کابینہ میں سعیدغنی کو بلدیات، شہلارضا وزیر ترقی نسواں، سردارشاہ کو تعلیم وثقافت ، اسماعیل راہو کو زراعت ، شبیر بجارانی کو معدنیات، مخدوم محبوب زمان کو ریونیو، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کو وزیر صحت ، ہری رام کو جیل خانہ جات اور اقلیتی امور کا وزیر کا قلمدان دیا گیا۔

(جاری ہے)

محمد بخش مہر کو صنعت وتجارت اور بیرسٹر مرتضی وہاب کو قانون اور اینٹی کرپشن کا مشیر بنایا گیا ہے۔یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کی مسلسل تیسری بار سندھ میں حکومت قائم ہوئی اور گزشتہ روز مراد علی شاہ نے وزیر اعلی سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔