چیئرمین سینیٹ نے گوادر اور چین کے پورٹ سٹی دالیان کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دیدی

گوادر سی پیک کا ایک گیٹ وے ہے اور اسی وجہ سے بلوچستان کے لوگوں کا معیار زندگی بدل جائے گا،محمد صاد ق سنجرانی

اتوار 19 اگست 2018 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صاد ق سنجرانی نے گوادر اور چین کے پورٹ سٹی دالیان کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دی ہے ۔ انہوں نے یہ تجویز گوادر اور چین کے جنوبی صوبے لیائونگ کے سب سے بڑے شہر اور پورٹ سٹی میں پائی جانے والی مشترکہ قدروں کی بنیاد پر دی۔ چین میں اپنے دورے کے دوران چیئرمین محمد صادق سنجرانی اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ٹرین کے ذریعے بیجنگ سے دالیان پہنچے جہاں انہوں نے شہری منصوبہ بندی کے سلسلہ میں منعقدہ میلے اور بندہ گاہ کے کاروباری مرکز کا دورہ کیا۔

وفد شہر میں غربت مکائو منصوبے کو بھی دیکھااور بعد میں دالیان شہر کے رہنمائوں کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں بھی شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ نے ژیا ڈیرن چین کی عوامی مشاورتی کانفرنس کے لیانگ کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بحیثیت چیئرمین اُن کا یہ پہلادورہ ہے اور انہیں چین کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے میزبان کو بیجنگ میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ور بتایا کہ چین میں ہونے والی ملاقاتوں سے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے لے جانے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مرکزی حکومتوں کی سطح پر دونوں ملکوں کے مابین انتہائی بہتر روابط موجود ہیں تاہم وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ صوبائی، شہروں اور علاقائی سطح پربھی تعاون کے لیے وسیع گنجائش پائی جاتی ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت کو اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اُٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دالیان شہر کی ایشیاکے شمالی حصے کے لیے شپنگ اور لاجسٹکس کی حیثیت سے ایک تاریخ موجود ہے۔

دالیان کے رہنمائوں نے چیئرمین سینیٹ کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جوان قیادت دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو تقویت دینے میں ایک فعال کردار ادا کرسکتی ہے ۔انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے قومی لباس کو سراہا ۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر پاکستان کا مستقبل ہے اور گوادر کو ایک موثر پورٹ سٹی بنانے میں ہم دالیان کے تجربات سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کے خواہاں ہیں اور تجارت وشپ منٹ کے شعبوں میں ہم چین کے تجربات سے فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دالیان کا صنعتی ترقی اور خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے میں وسیع تجربہ ہے اور پاکستان بھی اس سے بھرپور فائدہ اُٹھا سکتا ہے جس سے سی پیک منصوبے کو بھی مزید تقویت ملے گی۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر سی پیک کا ایک گیٹ وے ہے اور اسی وجہ سے بلوچستان کے لوگوں کا معیار زندگی بدل جائے گا اور جلد ہی یہ علاقہ خطے کی سمندر کے ذریعے ہونے والے نقل وحمل کا مرکز بن جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں بھی وظائف کے ذریعے مختلف شعبوں میں تحقیق وترقی سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے چین کی ترقی خطے اور علاقائی امن کا باعث ہے اور خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مسائل کے لیے مقامی سطح پر حل تلاش کرنے ہوں گے اور اس سلسلے میں چین اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے عوامی سطح پر روابط کو بڑھانے کے لیے تعلیم ، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زوردیا اور کہا کہ اقتصادی وتجارتی روابط اور نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے ہمیں نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے اور تجارتی عدم توازن کو کم کرنے کے لیے مشاورتوں کا سلسلہ شروع کرنا ہوگا۔