پہلے مرحلے میں سندھ کابینہ کے 8 وزراء اوردومشیروں نے حلف اٹھالیا

نئی کابینہ میں ناصر شاہ، سہیل انور سیال اور جام خان شورو جیسے بڑے بڑے ناموں کو آئوٹ کردیا گیا

اتوار 19 اگست 2018 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) پہلے مرحلے میں سندھ کابینہ کے 8 وزراء اوردومشیروں نے حلف اٹھالیا۔قائمقام گورنرسندھ آغاسراج درانی نے نامزد صوبائی وزراء سے حلف لیا۔صوبائی وزرا کی حلف برداری کی تقریب گورنرہائوس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ مخدوم جمیل الزمان ، ڈپٹی اسپیکر، ایم پی ایز، ایم این ایزاورسرکاری افسران شریک ہوئے۔

تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے صوبائی وزرا کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی سندھ کی سفارش پران کا تقرر کیا گیا ہے۔ حلف اٹھانے والے صوبائی وزراء میں سعید غنی، شہلا رضا، اسمعیل راہو سردار شاہ،مخدوم محبوب الزماں، شبیر بجارانی، ہری رام کشوری لال، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہوشامل ہیں جبکہ چیف سیکریٹری سندھ نے وزیراعلی سندھ کے مشیرکے لیے بیرسٹر مرتضی وہاب سردار محمد بخش مہر کے ناموں کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

نئی کابینہ میں ناصر شاہ، سہیل انور سیال اور جام خان شورو جیسے بڑے بڑے ناموں کو آئوٹ کردیا گیا ہے۔سندھ کی نئی کابینہ میں سعیدغنی کو بلدیات، شہلارضا وزیر ترقی نسواں، سردارشاہ کو تعلیم وثقافت ، اسماعیل راہو کو زراعت ، شبیر بجارانی کو معدنیات، مخدوم محبوب زمان کو ریونیو، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کو وزیر صحت ، ہری رام کو جیل خانہ جات اور اقلیتی امور کا وزیر کا قلمدان دیا گیا۔

محمد بخش مہر کو صنعت وتجارت اور بیرسٹر مرتضی وہاب کو قانون اور اینٹی کرپشن کا مشیر بنایا گیا ہے۔ تقریب حلف برداری کے بعد گورنر اور وزیراعلی سندھ نے نومنتخب صوبائی وزرا کو مبارک باد دی۔ اس سے قبل وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہائوس میں ملاقات کی اورنئی سندھ کابینہ کے لیے تقرریوں پرتبادلہ خیال کیا ۔ملاقات میں بلاول بھٹو نے پہلے مرحلے میں سندھ کابینہ کے لیے 8وزراء اوردومشیروں کی منظوری دی ۔ یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کی مسلسل تیسری بار سندھ میں حکومت قائم ہوئی اور گزشتہ روز مراد علی شاہ نے وزیر اعلی سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔